کراچی سینٹرل جیل سے 90خطرناک ترین قیدیوں کی مختلف جیلوں میں منتقلی

انتہائی خطرناک 8ملزمان کو لاڑکانہ، 80کو سکھر ،کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2ہائی پروفائل قیدیوں کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا

منگل 19 ستمبر 2017 17:02

کراچی سینٹرل جیل سے 90خطرناک ترین قیدیوں کی مختلف جیلوں میں منتقلی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) 2 دہشتگردوں قیدیوں کے فرار کے بعد کراچی سینٹرل جیل سے 90خطرناک ترین قیدیوں کو مختلف جیلوں میں منتقل کردیا گیاہے۔ذرائع کے مطابق کراچی سینٹرل جیل میں دہشتگردوں کا نیٹ ورک کمزور کردیا گیا،جیل میں قید 90 خطرناک ترین قیدیوں کو ملک کی مختلف جیلوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ انتہائی خطرناک 8 ملزمان کو لاڑکانہ، 80 قیدیوں کو سکھر جب کہ کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2 ہائی پروفائل قیدیوں کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا ہے۔

مزید 68 قیدیوں کو جلد فوجی عدالتوں کے حوالے بھی کیا جائے گا۔سینٹرل جیل کراچی سے دو قیدیوں کے فرار کے بعد اپیکس کمیٹی نے خطرناک قیدیوں کو مختلف جیلوں میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

مجموعی طور سینٹرل جیل سے 270 قیدیوں کو منتقل کرنا ہے، محکمہ داخلہ سندھ نے سکھر جیل کی سیکیورٹی سخت کرنے کے اقدامات بھی شروع کر دئیے ہیں۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سینٹرل جیل میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا انکشاف کیا تھاجب کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں 270 خطرناک قیدیوں کو دیگر جیلوں میں منتقل کرنیکی سفارش کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی سینٹرل جیل سے 2خطرناک ملزمان پولیس کی ملی بھگت سے باآسانی فرار ہوکر افغانستان پہنچ گئے تھے جس کے بعد جیل کی سیکورٹی اور قیدیوں کی نگرانی کا نظام مزید سخت کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :