تھائی لینڈ کی تین روزہ سنگل کنٹری ایگزیبیشن 22ستمبر سے شروع ہو گی

صدر کراچی چیمبرآف کامرس شمیم فرپو اور قونصل جنرل تھائی لینڈافتتاح کریں گے

منگل 19 ستمبر 2017 17:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) تھائی لینڈ کی تین روزہ سنگل کنٹری ایگزیبیشن جمعہ 22 ستمبر سے کراچی کے پرل کانٹی نینٹل ہوٹل میں شروع ہو گی جس میں منتظمین کو 50 ہزار لوگوں کے آنے کی توقع ہے۔ صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شمیم احمد فرپو، قونصل جنرل رائل تھائی قونصلیٹ جنرل کراچی مسٹر سووت کائی سوکSuwat Kaewsook اور ڈائریکٹر، ٹریڈ سینٹر ڈھاکہ، ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ٹریڈ پروموشن منسٹری آف کامرس تھائی لینڈ مسٹر سوبسک ڈینگ بون رؤنگ Suebsak Dangboonrueng کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کریں گے۔

نمائش کا انتظام ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ اور ڈپارٹمنٹ آ ف انٹرنیشنل ٹریڈ پروموشن، منسٹری آف کامرس، رائل تھائی گورنمنٹ کی جانب سے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نمائش 24 ستمبر تک جاری رہے گی۔ تھائی لینڈ کی وزارت تجارت کے اعزازی ٹریڈ ایڈوائزر عارف سلیمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ نمائش میں فوڈز اینڈ بیوریجز، گارمنٹس، میڈیسن، کاسمیٹک اینڈ فیشن ایکسیسریز، گفٹ اینڈ ڈیکوریشن، ہیلتھ اینڈ بیوٹی، ہاؤس ہولڈ اینڈ کچن وئیر، لیدر اینڈ فٹ وئیر پروڈکٹس سمیت آٹھ مختلف کیٹیگریز میں 45 سے زائد کمپنیاں اپنی پروڈکٹس اور ٹیکنالوجی کی نمائش کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ تین روزہ نمائش سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت میں مزید اضافہ اور تعلقات زیادہ مستحکم ہوں گے۔ عارف سلیمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور گزشتہ پانچ سالوں کے دوران یہ تجارتی حجم ایک بلین امریکی ڈالر تک پہنچ گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے تھائی لینڈ کو زیادہ تر دھاگہ، فائبرز، کیمیکل ، تیار آئل، گوشت وغیرہ ایکسپورٹ ہوتا ہے جبکہ تھائی لینڈ سے پاکستان میں زیادہ تر گھریلو اشیاء، کھانے پینے کی چیزیں، مشروبات، ادویات، کاسمیٹکس، ہربل پروڈکٹس، موٹرسائیکل اینڈ آٹو پارٹس اورربڑ کی اشیاء وغیرہ آتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :