پنجاب یونیورسٹی نے ایچ ای سی کے خلاف دوستانہ فٹبال میچ میں جیت لیا

منگل 19 ستمبر 2017 19:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام ہائر ایجوکیشن کمیشن کے پندرہ سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں نیو کیمپس گرائونڈ میں کھیلا گیا دوستانہ فٹبال میچ پنجاب یونیورسٹی نے جیت لیا۔ پنجاب یونیورسٹی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن الیون کے درمیان کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق پہلے ہاف کے چونتیسویں منٹ تک پنجاب یونیورسٹی کی ٹیم کھیل پر حاوی رہی جبکہ ہاف ٹائم تک کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔ سیکنڈ ہاف کے 49ویں منٹ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیم کے یوسف احمد نے شاندار گول کر کے میچ کا سکور 1-1سے برابر کر دیاجو کھیل کے دوسرے ہاف کے آخری منٹ تک قائم رہا ۔ بعد ازاں میچ کا فیصلہ پینلٹی ککس پر ہوا جس میں پنجاب یونیورسٹی کے گول کیپر حمزہ نے ایچ ای سی الیون کی چھٹی پینلٹی کک کو روکا اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردا ر ادا کیا۔

(جاری ہے)

پنجاب یونیورسٹی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن الیون کے درمیان کھیلے گئے میچ کو دیکھنے کیلئے طلبہ، اساتذہ ، فیکلٹی ممبران اور ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ میڈیا نمائندوں نے بھی ایونٹ کی کوریج کی ۔مہمان خصوصی ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد ظفر اقبال بٹ نے جیتنے اور ہارنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کیں ۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے زندگی میں کھیل کی اہمیت پر بات چیت کی اور تعلیم اور کھیلوں کے فروغ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے کردار کو سراہا۔