لاہور سمیت مختلف شہروں میں پیٹرو ل کی قلت ، شہر کے کئی علاقوں میں پیٹرول پمپس بند ،دستیاب پیٹرول والے پمپس پر قطاریں

شہریوںنے پیٹرول ذخیرہ کرنا بھی شروع کر دیا، موٹر سائیکل سواروں نے بھی عام پیٹرول دستیاب نہ ہونے پر ہائی آکٹین ڈلوانا شروع کر دیا نجی کمپنیوں نے مارکیٹ میں اپنے شیئر کے مطابق پیٹرول درآمد نہیں کیا جس سے صورتحال پیدا ہوئی ،چند دنوں میں صورتحال بہتر ہوجائیگی‘ ذرائع

بدھ 20 ستمبر 2017 17:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2017ء) لاہور سمیت مختلف شہروں میں پیٹرو ل کی قلت پیدا ہو گئی ، شہر کے کئی علاقوں میں پیٹرول پمپس بند ہیں جبکہ دستیاب پیٹرول والے پمپس پر شہریوں کی قطاریں دیکھی جارہی ہیں ، شہریوںنے پیٹرول ذخیرہ کرنا بھی شروع کر دیاجس سے صورتحال میںمزید بیگاڑ پید اہونے کا خدشہ ہے، موٹر سائیکل سواروں نے بھی عام پیٹرول دستیاب نہ ہونے پر ہائی آکٹین ڈلوانا شروع کر دیا ۔

ذرائع کے مطابق نجی آئل مارکیٹنگ کمپنیوںنے مارکیٹ میں اپنے شیئر کے مطابق گزشتہ ماہ پیٹرول درآمد نہیں کیا جس سے صورتحال پیدا ہوئی ۔ آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بتایا کہ نجی آئل مارکیٹنگ کمپنیاں چند دنوں میں آئل ٹینکرز منگوارہی ہیں جس سے صورتحال بہتر ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں پیٹرول کی طلب میں 15فیصد اضافہ ہوا جس کی وجہ پیٹرول کا سستا ہونا اور اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کا ذخیرہ آئندہ چند دنوں میں 10 روز کی ضرورت کا ہوجائے گا۔

لاہور سمیت مختلف شہروں میں پیٹرول کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جس کے باعث عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔ گزشتہ روز لاہور کے کئی علاقوں میں پیٹرول دستیاب نہیں تھا جس کے باعث عوام ایک دوسرے سے موبائل پر رابطہ کرکے پیٹرول کی دستیابی بارے پوچھتے رہے ۔ جن پیٹرول پمپس پر پیٹرول دستیاب ہے وہاں شہریوں کی قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔ شہریوں کی طرف سے قلت کے پیش نظر معمول سے زیادہ پیٹرول حاصل کیا جارہا ہے جس سے قلت میں شدت آنے کا امکان ہے ۔

گزشتہ روز کئی پیٹرول پمپس مالکان نے پیٹرول دستیاب نہ ہونے کا کہہ کر عام موٹر سائیکل سواروں کو بھی 90روپے لیٹر پر ہائی آکٹین کی فروخت جاری رکھی ۔ دوسری طرف شہریوں نے آنے والے دنوں میں قلت کے پیش نظر پیٹرول ذخیرہ کرنا شروع کر دیا ہے ۔پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق پیٹرول کی قلت کے معاملے پر حکومت اور اوگرا کو خط ارسال کردیا ہے ۔ ایک اور ذرائع کے مطابق نجی آئیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرول کی خریداری کے آرڈر میں تاخیر کی جبکہ شیل کمپنی نے لاجسٹک استعداد کم کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومتی اداروں کا کام سپلائی کی مانیٹرنگ کرنا ہے جسے یکسر نظر انداز کیا گیااور یہ صورتحال سامنے آئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :