آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ جاری، شخصی ضمانت کے ساتھ 10 لاکھ روپے کے مچلکے داخل کرانے اور 25 ستمبر کو پیش ہونے کا حکم

بدھ 20 ستمبر 2017 17:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں ایک شخصی ضمانت کے ساتھ 10 لاکھ روپے کے مچلکے داخل کرانے اور 25 ستمبر کو پیش ہونے کا حکم دیاہے۔ بدھ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق نے اسحاق ڈار کو جاری سمن پر تعمیل کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جس کے مطابق سمن اسحاق ڈار کے ڈرائیور عمران نے وصول کیے۔ اسحاق ڈار کے سٹاف افسر فضل داد نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار بیرون ملک ہیں، ان کی واپسی کی سیٹ کنفرم تھی مگر مصروفیات کے باعث وہ پیش نہ ہو سکے۔ نیب نے اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے حکم نامے میں لکھوایا کہ اسحاق ڈار کو جاری سمن کی تعمیل کے تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے،اس کے باوجود پیش نہ ہونے پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں، اسحاق ڈار ایک شخصی ضمانت اور 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے داخل کرائیں اور 25 ستمبر کو پیش ہوں۔

متعلقہ عنوان :