ایشین ڈویلپمنٹ بنک نے ایبٹ آبا د کی ترقی کیلئے پانچ ارب 10کروڑ ، جنرل بس سٹینڈ تعمیر کیلئے 2ارب 20کروڑ روپے کی منظوری دی

7کروڑ روپے کی واٹرسپلائی سکیم،4کروڑ سے طیب اردگان پلازہ کی تعمیر مکمل،جناح پلازہ کا 56کروڑ روپے کا ٹینڈر منظور ہوچکا ہے کرپشن روکنے کیلئے سافٹ ویئر سسٹم یکم اکتوبر سے کام شروع کرے گای،تحصیل ناظم ایبٹ آبادمحمد اسحق ذکریا کی’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت

بدھ 20 ستمبر 2017 18:27

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء) ایشین ڈویلپمنٹ بنک نے ایبٹ آبا دشہر کی ترقی کیلئے پانچ ارب 10کروڑ ،جدید سہولیات سے آراستہ جنرل بس سٹینڈ کی تعمیر کیلئے 2ارب 20کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے ۔7کروڑ روپے کی واٹرسپلائی سکیم،4کروڑ کی لاگت سے طیب اردگان پلازہ تعمیر کردیا گیا ہے۔جناح پلازہ کی تعمیر کیلئے 56کروڑ روپے کا ٹینڈر منظور ہوچکا ہے۔

ٹی ایم اے میں کرپشن ختم کرنے کیلئے سافٹ ویئر سسٹم متعارف کروادیا گیا ہے ،یکم اکتوبر سے سافٹ ویئر سسٹم کام شروع کردے گا۔پی ایف سی ایوارڈ کے تحت ٹھیکیداروں کو ایڈوانس ادائیگیاں روک دی گئیں ہیں۔تحصیل حکومت نے ایک ارب ،ایک کروڑ روپے کا بجٹ منظور کروا کر تحصیل ایبٹ آبا دکی تاریخ میں ریکارڈ قائم کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کے اظہار تحصیل ناظم ایبٹ آبادمحمد اسحق ذکریا نے’’اے پی پی ‘‘کے ساتھ خصوصی نشست کے دوران کیا۔

تحصیل ناظم نے کہا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بنک نے ایبٹ آبا دشہر کی ترقی کیلئے پانچ ارب 10کروڑ ،جدید سہولیات سے آراستہ جنرل بس سٹینڈ کی تعمیر کیلئے 2ارب 20کروڑ روپے کی منظوری دی ہے، دونوں منصوبوں پر جنوری2018ء سے باقاعدہ کام کا آغاز کردیا جائے گا نواں شہر میںپانی کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا تھا۔عوام کو پانی کی ضروریات پورا کرنے کیلئے شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

عوامی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے تحصیل حکومت نی7کروڑ روپے کی لاگت سے نڑیاں تا نواں شہر واٹرسپلائی سکیم مکمل کرکے پانی کا مسئلہ نہ صرف حل کیا بلکہ آئندہ پچاس سے 60سال تک پانی کی ضروریات پوری کرنے کی مکمل پلاننگ کی گئی ہے۔4کروڑ روپے کی لاگت سے طیب اردگان پلازہ کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد تحصیل حکومت کے ریونیو میں سالانہ 60سے 70لاکھ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

تحصیل ناظم نے کہا کہ انہوں نے ترقیاتی کاموں کا نیٹ ورک وسیع کرتے ہوئے سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر ترقیاتی کام کروائے ہیں۔جناح پلازہ کی تعمیر کیلئے 56کروڑ روپے کا ٹینڈ ر منظور ہوچکا ہے۔20منزلہ پلازہ کی بیسمنٹ میں 200گاڑیوں کیلئے پارکنگ اور2سو سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔جناح پلازہ کی تعمیر سے ٹی ایم اے کوکروڑوں روپے کی آمدن ہوگی۔

ٹی ایم اے کے ٹھیکوں میں کرپشن کے حوالہ سے سوال کے جوب میں تحصیل ناظم نے کہا کہ ٹی ایم اے میں کرپشن ختم کرنے کیلئے سافٹ ویئر سسٹم متعارف کروادیا گیا ہے ،یکم اکتوبر سے سافٹ ویئر سسٹم کام شروع کردے گا۔یکم اکتوبر کے بعد کسی ٹھیکیدار کو ایڈوانس ادائیگی روک کر پی ایف سی فنڈ کے تحت کام کا معیار چیک کرنے کے بعد ادائیگی کی جائے گی۔ای ٹینڈرنگ کے بعد ٹھیکوں کے حصول میں کمیشن خوری کا سلسلہ بند ہوچکا ہے ۔

اب ای ٹینڈرنگ میں حصہ لینے والے ٹھیکیداروں کوباقاعدہ بولی کے ذریعے ٹینڈر مل رہے ہیں اوراس سے ٹھیکیداروں کی شکایات کا بھی ازالہ ہوگیا ہے۔تحصیل ناظم نے بتایا کہ ٹی ایم اے کے دفتر میں بائیومیٹرک سسٹم متعارف کروانے کے بعد ملازمین ڈیوٹی کے پابند ہوگئے ہیں۔ہر ماہ بائیومیٹرک حاضری چیک کرنے کے بعد ملازمین کو تنخواہیں ملتی ہیں۔ہائی سکول نمبر 2ایبٹ آباد سے ملحقہ برساتی نالہ پر قائم تجاوزات کے خاتمہ کیلئے قبضہ مافیا کو دو دن کی ڈیڈ لائن دی ہے،دو دن بعد بھاری مشنری کے ذریعے پختہ تجاوزات ختم کردی جائیں گی۔

محمد اسحق ذکریا نے کہا کہ جناح پارک کی تزئیں وآرائش کاکام جاری ہے۔جناح پارک کوخوبصورت بنانے کیلئے 8لاکھ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں،صوبائی حکومت کی جانب سے 87لاکھ روپے فراہم کئے گئے ہیں۔ایم سی بی چوک،شاہین چوک اوربندکھوہ چوک کی تزئیں وآرائش کیلئے 48لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ان تینوں منصوبوں پراگلے ہفتہ کام شروع کردیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :