اوگرا کے ممبر گیس آسامی کیلئے 3افسران کے انٹرویو کل ہوں گے

ڈی جی گیس اعظم خان،جی ایم گیس کمپنی اعجاز چوہدری اور رجسٹرار اوگرا مخدوم امیدواروں میں شامل

بدھ 20 ستمبر 2017 19:03

اوگرا کے ممبر گیس آسامی کیلئے 3افسران کے انٹرویو کل ہوں گے
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2017ء) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) کے ممبرگیس کی تعیناتی کے لئے وفاقی حکومت 3امیدواروں کا نام فائنل کرلیا ہے،ان تینوں امیدواروں کا انٹرویو آج سیکرٹری اسٹبلشمنٹ کی سربراہی میں 3رکنی پینل لے گا،اوگرا میں ممبر گیس کی آسامی گزشتہ ایک سال سے خالی پڑی ہے،عدالت عالیہ اسلام آباد نے وزیراعظم نوازشریف کی طرف اس آسامی پر عارضی طور پر من پسند افسر عامر کو تعینات کرنے کے احکامات غیرقانونی قرار دے کر معطل کردئیے تھے۔

(جاری ہے)

حکومت کے اس آسامی کے لئے درخواستیں طلب کی تھیں اور ایک درجن کے لگ بھگ گیس شعبہ کے ماہرین نے درخواستیں دی تھیں۔وفاقی سیکرٹریوں پر مشتمل پینل نے 3افسران کو فائنل کرلیا ہے جن میں سابق ڈائریکٹر جنرل گیس وزارت پٹرولیم محمد اعظم خان،سابق جنرل منیجر سوئی نادرن گیس کمپنی اعجاز چوہدری اور رجسٹرار اوگرا مخدوم شامل ہیں۔حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈی جی گیس محمد اعظم کو ممبر گیس اوگرا تعینات کرنے کا قوی امکان ہے کیونکہ محمد اعظم اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے مابین قریبی مراسم ہیں اور محمد اعظم حکمرانوں کی دھن پر گنگنانا بھی جانتا ہی۔