قومی اسمبلی میں بڑے ڈیموں کی تعمیر کی متفقہ قرارداد کے بعد کالا باغ ڈیم کی تعمیر شروع کی جائے،کامران سیف

بدھ 20 ستمبر 2017 20:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما و سیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں بڑے ڈیموں کی تعمیر کی متفقہ قرارداد کی منظوری کے بعد کالا باغ ڈیم کی تعمیر شروع کی جائے کیونکہ سستی بجلی اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ہی اکسیر نسخہ ہے انہوںنے کہا کہ 2010کے بعد سات سالوں میں گھریلو استعمال کیلئے بجلی کا یونٹ4روپے سی7روپے سے زائد کردیا گیااس پر مستزاد یہ کہ بجلی بلوں میں9قسم کے ٹیکسوں کے نفاذ کے بعد بجلی بلوں کی ادائیگی غریب اور سفید پوش افراد کی پہنچ سے باہر ہوتی جارہی ہے اس لیے سستی بجلی اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے کالا باغ ڈیم ہی اکسیر نسخہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں کارکنوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میاں کامران سیف نے کہا کہ سیاسی اختلاف رائے جمہوری رویہ ہے لیکن ملکی و عوامی مفاد کے منصوبوں کو سیاسی اختلاف رائے کی نذر کرنا کسی بھی طور پر درست نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ امپورٹڈبجلی حکومت اور عوام استعمال کرنے کی مزید سکت نہیں رکھتے ،بجلی اتنی مہنگی ہوچکی ہے کہ بجلی کے بل دیکھ کر عوام ڈپریشن کا شکار ہوجاتے ہیں۔کالا باغ ڈیم واپڈا کے قابل عمل اور جلد مکمل ہونے والے منصوبوں میں شامل ہے اس کی تعمیر سی3600میگا واٹ اڑھائی روپے یونٹ والی بجلی سسٹم میں داخل ہوگی مزید برآں اس کی تعمیر سے دریائوں میں سارا سال زراعت کے لیے پانی بھی دستیاب رہے گا اس کی تعمیر زراعت کے ساتھ صنعت بھی ترقی کرے گی