قطر کی جانب سے پاکستان کی نئی ویزا پالیسی خوش آئند ہے ،اقدام سے پاکستان کی برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ ہوگا، یحییٰ پولانی

بدھ 20 ستمبر 2017 21:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2017ء) قطر حکومت کی جانب سے پاکستان کی نئی ویزا پالیسی خوش آئند ہے ۔ اس اقدام سے پاکستان کی برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ ہوگا۔ یہ بات ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سابق چیئرمین محمد یحییٰ پولانی نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ قطری حکومت کا پاکستانیوں کیلئے ایئرپورٹ 30دن کے فوری مفت لگانے کااعلان خوشخبری ہے۔

اوراس سلسلے میں قطری حکومت نے ویزا فیس اوردیگر چارجز ختم کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب قطر جانے والے پاکستانیوں کو پانچ ہزار ریال کے مساوی رقم نقد یا موثر بہ عمل کریڈٹ کارڈ دکھانے کی ضرورت ہوگی جبکہ کنفرم ریٹرن ٹکٹ دکھانے پر ویزا میں30دن کی توسیع بھی ہوسکے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قطر جانے والے پاکستانی مسافروں کو اس امر کا خیال رکھناہوگا کہ ان کا پاسپورٹ 6ماہ کے لئے موثر ہے اور آنے جانے کا ایئرٹکٹ بھی لازمی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قطر جانے کے خواہشمند روانگی سے قبل پولیو ٹیکے کاسرٹیفکیٹ ضروری حاصل کرلیں۔ ایک سوال کے جواب میں یحییٰ پولانی نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہتر ہورہاہے اور قوی امید ہے کہ مستقبل قریب میں بیشتر اسلامی ممالک پاکستانیوں کوایئرپورٹ پر ہی مفت ویزا دینے لگیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ جوپاکستانی قطر میںروزگار کی غرض سے غیر قانونی طریقوں سے جاتے ہیں انہیں چاہیے وہ بھی اس پالیسی سے فائدہ اٹھائیںاور قانونی طریقے سے قطرجائیں تاکہ ملک کی بدنامی نہ ہو اورخود اپنے اور اپنے گھروالوں کیلئے مسائل پیدا نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے قطر کی ویزا پالیسی بہت سخت تھی مگر اب قطری حکومت نے اپنی ویزا پالیسی کو بہت آسان بنادیاہے جس سے دونوں ممالک کی ایئرلائنز کوبھی فائدہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :