ممبر صوبائی اسمبلی فیصل سبزواری کا ضلع شرقی چیئرمین معید انور کے ہمراہ یونیورسٹی روڈ پر نیپا چورنگی کے قریب سروس روڈ کی استرکاری کے کام کا معائنہ

بدھ 20 ستمبر 2017 22:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2017ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر شہریوں کی سہولت کے لئے سڑکوں اور سروس روڈز کی مرمت و استرکاری کا کام جاری ہے اس سلسلے میں ممبر صوبائی اسمبلی فیصل سبزواری نے ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور کے ہمراہ یونیورسٹی روڈ پر نیپا چورنگی کے قریب سروس روڈ کی استرکاری کے کام کا معائنہ کیا، اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی فیصل رفیق،چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، یوسی چیئرمین احترام الحق، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور، ڈائریکٹر اکائونٹس نایاب سعید اور دیگر افسران بھی موجود تھے، رکن صوبائی اسمبلی فیصل سبزواری نے سڑ ک کی تعمیر کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ منتخب ڈسٹرکٹ چیئرمین شہر کی تعمیر اور ترقی خصوصاً سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت صفائی ستھرائی اور دیگر بلدیاتی خدمات کی فراہمی پر بھرپور توجہ دیں اور بلدیاتی افسران و عملہ اپنی بھرپور توانائیوں کے ساتھ شہر کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل حل کئے جاسکیں، انہوں نے کہا کہ سعود آباد، کو نٹی نینٹل بیکری اور اسکیم 33 کی سڑکوں کی بھی فوری استرکاری کی جائے تاکہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں میں شرکت کرنے والے شہریوں کو کسی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے، بلدیہ شرقی کے چیئرمین معید انور نے اس موقع پر بتایا کہ ضلع شرقی میں جو سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ان کی مرمت و استرکاری کا کام میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر شروع کردیا ہے جبکہ محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر محرم کے جلوس کی گزرگاہوں اور اطراف کی سڑکوں کی استرکاری اور پیوندکاری بھی کی جا رہی ہے اور جہاں ضروری ہے وہاں ان راستوں کو موٹر ایبل بنایا جا رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں زیادہ شکایات ملی ہیں وہاں محرم الحرام کے سلسلے میں انتظامات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جا رہے ہیں تاکہ عزاداروں کو اس مقدس مہینے کے دوران سہولت فراہم کی جاسکے، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور نے اس موقع پر بریفنگ میں بتایا کہ نیپا چورنگی کے قریب 2 کروڑ روپے کی لاگت سے اس سروس روڈ کی تعمیر کی اسکیم سالانہ اے ڈی پی منصوبوں میں شامل کی گئی تھی اور اب شہریوں کی سہولت کے لئے محرم کے جلوس کے لئے راستے کو کلیئر کرکے اسے موٹر ایبل بنایا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت کے تحت فوری اور اشدضروری ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیاد پر مکمل کیا جا رہا ہے جس سے شہریوں کو خاطر خواہ سہولت ملے گی، ارکان صوبائی اسمبلی نے اس موقع پر کہا کہ صرف محرم الحرام کے لئے ہی نہیں بلکہ اس کے بعد آنے والے ماہ ربیع الاول کے دوران بھی شہریوں کی مذہبی جلسوں اور جلوسوں میں شرکت کو باسہولت بنانے کے لئے شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں اور ذیلی راستوں کو ٹھیک کرنا بنیادی ضرورت ہے لہٰذا تمام ڈسٹرکٹس بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اشتراک سے سڑکوں اور گلیوں کے تعمیراتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کریں اور اس حوالے سے باہمی رابطوں کو مضبوط بنائیں تاکہ تمام بلدیاتی ادارے مل کر شہر کو بہتر بنا سکیں اور خاص طور پر محرم الحرام کے دوران شہریوں کو زحمت نہ اٹھانی پڑے۔

#

متعلقہ عنوان :