ْکراچی،معذور افراد کا سرکاری ملازمتوں میں 5 فیصد پر عمل درآمد کے لیے دھرنا چھٹے روز میں داخل

بدھ 20 ستمبر 2017 23:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2017ء) معذور افراد کا سرکاری ملازمتوں میں 5 فیصد پر عمل درآمد کے لیے کراچی پریس کلب کے سامنے دھرنا چھٹے روز میں داخل ہو گیا ۔ حکومتی نمائندوں سمیت کسی سرکاری اہلکار نے بات چیت کرنا بھی گوارا نہیں کیا ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمتوں میں بھرتی کی اطلاعات کے بعد معذور افراد کے حقوق کے لیے کام کرنے والی غیر سرکاری سماجی تنظیم اپ لفٹ کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر دھرنا چھٹے روز بھی جاری رہا ۔

(جاری ہے)

تاحال کسی بھی حکومت شخصیت نے معذور افراد کے مطالبات کے حوالے سے گفتگو کا سلسلہ شروع نہیں کیا ہے ۔اس ضمن میں اپ لفٹ تنظیم کی رہنما سنبل شیخ نے بتایا کہ عرصہ دراز سے سرکاری ملازمتوں میں معزور افراد کے لیے مخصوص پانچ فیصد کوٹہ ہمیں نہیں دیا جا رہا ہے ۔ ہمیں یہاں احتجاج کرتے ہوئے 6دن ہوگئے ہیں مگر نہ تو کسی حکومتی نمائندے نے ہم سے بات چیت کی اور نہ ہی کوئی سرکاری اہلکار ہم سے مذاکرات کرنے آیا ۔ دھرنے پر بیٹھے معذور افراد نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے سندھ میں سرکاری ملازمتوں میں معذور افراد کو پانچ فیصد کوٹہ پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ سندھ بھر سے معذور افراد کی ایک بڑی تعداد اس احتجاج میں شامل ہے۔#

متعلقہ عنوان :