راج کماررائوکو’’بریلی کی برفی ‘‘ پر امیتابھ کا تعریفی خط

جمعرات 21 ستمبر 2017 11:23

راج کماررائوکو’’بریلی کی برفی ‘‘ پر امیتابھ کا تعریفی خط
ممبئی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2017ء)بالی وڈاداکار راج کمار رائو کو ان کی نئی فلم ’’بریلی کی برفی‘‘ میں اداکاری پر امیتابھ بچن کی جانب سے تعریفی خط موصول ہوا ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق امیتابھ بچن کے خط کے بارے میں راج کمار کا کہنا ہے کہ یہ خط میرے لئے کسی بھی ایوارڈ سے کم نہیں۔ یہ بہت ہی زبردست بات ہے کہ کس طرح وہ نئے اداکاروں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اداکار نے کہا کہ ان کی جانب سے یہ میرے لئے پہلی چٹھی ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔راج کمار رائو مستقبل میں امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہیں اداکارہ ایشوریہ بچن کے ساتھ اوم پرکاش مہرا کی فلم ’پھنے خان‘ میں کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ اس فلم میں ان کے ساتھ انیل کپور بھی ایک اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ راج کمارنے کہا کہ یہ فلم میں اس لئے کر رہا ہوں کیونکہ مجھے ان بہترین اداکاروں کے ساتھ کام کرنے اور سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہجوم کے ساتھ صرف اس لئے نہیں چل سکتے کیونکہ وہ سو برسوں سے ایک ہی راستے پر چل رہے ہیں۔میں اپنے راستے کا تعین خود کروں گا۔