زلزلے کے الارم کی آواز بہت دیر سے سنائی دی،میکسیکن عوام پھٹ پڑی

ناقص آلات سے زیادہ اموات ہوئیں،عوام کی حکومت سے شکایت،زلزلہ دورآیااس لیے الارم دیر سے بچا،حکام

جمعرات 21 ستمبر 2017 12:51

زلزلے کے الارم کی آواز بہت دیر سے سنائی دی،میکسیکن عوام پھٹ پڑی
میکسیکو سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) میکسیکو کے مرکز میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے یہ شکایت کی ہے کہ شہریوں کو زلزلے سے الرٹ کرنے کے لیے موجود وارننگ سسٹم صحیح طور پر کام نہیں کر رہا۔میڈیارپورٹس کے مطابق میکسیکو سٹی کی روما کالونی میں رہنے والے روبرٹو رائٹاریا نے بتایا کہ عمارتوں کے گرنے کی آواز بہت تیز تھی اور 'زلزلے کے الارم کی آواز بہت دیر سے سنائی دی۔

اس شدید زلزلے کے نتیجے میں میکسیکو میں 200 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے جبکہ درجنوں عمارتیں منہدم ہو گئیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔سوشل میڈیا پر پوسٹ ہونے والی کچھ ویڈیوز میں بہت سے لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ انھوں نے کھلی جگہ پر پہنچنے سے قبل زلزلے سے متعلق الرٹ کرنے والے الارم کی آواز سنی تھی۔

(جاری ہے)

زلزلے کی شدت کو ریکارڈ کرنے والے ادارے سی آئی آر ای ایس کے ایک افسر کے مطابق زلزلے کی وارننگ ریڈیو، ٹی وی اور لاؤڈ سپیکرز کے ذریعے بروقت دی گئی تھی۔

متعلقہ ادارے میں شعبہ ریسرچ کے رکن آرمینٹو کوائر مارٹینز نے بتایا کہ میکسیکو میں مختلف جگہوں پر مختلف قسم کی مٹی پائی جاتی ہے اس لیے کچھ لوگوں نے الارم کو تھوڑی دیر کے لیے سنا۔روما کالونی جیسے علاقے کی مٹی نرم ہے اور دیگر علاقوں کی نسبت وہاں پہلے زلزلہ محسوس ہوا۔آرمینٹو کوائر مارٹینزنے کہاکہ اگرچہ الارم کام کر رہا تھا، لیکن ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو الارم سنائی دینے سے پہلے زمین کا اوپر اٹھنا محسوس ہوا جس کی وجہ لوگوں میں اچانک خوف پیدا ہوا۔

سخت زمین پر ایسا دیر سے ہوتا ہے۔کوائر مارٹینزنے کہاکہ آٹھ ستمبر کو زلزلہ آنے سے دو منٹ پہلے الارم سنائی دیا۔ وجہ یہ تھی کہ میکسیکو سے بہت دور زلزلہ آیا تھا لیکن اس مرتبہ آنے والے زلزلے کا مرکز فقط 170 سے 180 کلومیٹر کی دوری پر تھا۔مختصراً یہ کہ اگر زلزلے کا مرکز کسی بھی جگہ موجود الارم سسٹم کے قریب ہے تو اسے محسوس کرنے کے لیے آپ کے پاس بھی کم وقت ہوگا۔میکسیکو میں یہ الارم سسٹم سنہ 1991 میں لگایا گیا تھا۔یہ سسٹم زلزلے کی صورت میں زمین کی حرکت کو مانیٹر کرتا ہے اور فوری طور پر ریڈیو، ٹی وی، فون اور لاؤڈسپیکر کے ذریعے ملکی دارالحکومت اور دیگر شہروں میں وارننگ جاری کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :