وزیر اعظم سے ملالہ یوسف زئی کی ملاقات ،ْ

وزیراعظم کو خواتین کی تعلیم کے فروغ کیلئے اپنی کوششوں سے آگاہ کیا تعلیم میں سرمایہ کاری کے بغیر کوئی بھی سرمایہ کاری منافع بخش نہیں ہوگی ،ْوزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی ملاقات میں بات چیت ْامید ہے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پاکستان میں تعلیم کے چمپئن ثابت ہونگے ،ْملالہ یوسف زئی

جمعرات 21 ستمبر 2017 13:22

وزیر اعظم سے ملالہ یوسف زئی کی ملاقات ،ْ
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ تعلیم میں سرمایہ کاری کے بغیر کوئی بھی سرمایہ کاری منافع بخش نہیں ہوگی ۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے نیویارک میں نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے ملاقات کی جس میں ملالہ یوسفزئی نے وزیراعظم کو پاکستان میں تعلیم خصوصاً خواتین کی تعلیم کے فروغ کیلئے اپنی کوششوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پاکستان میں تعلیم کے چمپئن ثابت ہونگے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان میں تعلیم خصوصاً بچیوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے ملالہ یوسفزئی کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کے ایجنڈا میں پہلی ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

تعلیم میں سرمایہ کاری کے بغیر کوئی بھی سرمایہ کاری منافع بخش نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران تعلیم کے شعبے میں بہتری موجودہ حکومت کی ترجیحات کا ثبوت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں نے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو خط لکھا ہے کہ آئو تعلیم کے فروغ اور بہتری کیلئے ملکر کام کریں۔ وزیراعظم نے پنجاب میں تعلیم کے میدان میں شاندار کارکردگی پر حکومت پنجاب کی تعریف کی اور کہا کہ پنجاب حکومت نے ڈی ایف آئی ڈی کے ساتھ ملکر صوبہ میں تعلیم کو فروغ دیا ہے جس کے نتیجے میں سکولوں میں انرولمنٹ میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اب تعلیم کے نصاب پر توجہ دے رہی ہے جس میں تاریخ، میتھمیٹکس اور سائنس کے شعبے شامل ہیں جس کے ذریعے طلباء کی تحقیقی اور تجزیاتی صلاحیت میں نکھار آئے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت این جی اوز اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھی رابطے میں ہے تاکہ ان مقاصد کو حاصل کیا جا سکے۔