لڑکیوں کو تعلیم یافتہ بنائے بغیر ترقی کے اہداف کا حصول ناممکن ہے،

دنیا کے کئی خطوں میں لڑکیوں کی تعلیم کی راہ میں مشکلات موجود ہیں وادی سوات سے تعلق رکھنے والی نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کا اقوام متحدہ میں مذاکرے سے خطاب

جمعرات 21 ستمبر 2017 13:37

لڑکیوں کو تعلیم یافتہ بنائے بغیر ترقی کے اہداف کا حصول ناممکن ہے،
نیویارک/اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2017ء) عالمی رہنماوں نے دنیا بھرمیں بچوں اوربچیوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے اقدامات کا وعدہ کرتے ہوئے کہاہے کہ دنیا کے مختلف خطوں میں لاکھوں بچے سکولوں سے باہر ہے اورتعلیمی بحران کو حل کئے بغیراقتصادی ترقی کے اہداف کا حصول ناممکن ہے۔ یہ بات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ’’فنانسنگ دی فیوچر۔

ایجوکیشن2030‘‘ کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے عالمی رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وادی سوات سے تعلق رکھنے والی نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی اس تقریب میں شرکت کیلئے خصوصی طورپر لندن سے نیویارک پہنچی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوئتریش نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بہتر دنیا اوربہتر مستقبل کیلئے تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری سے کوئی بات اچھی ہوہی نہیں سکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ انہیں اس بات پر فخرہے کہ وہ ایک استاد رہ چکے ہیں اورانہوں نے کئی عشروں پہلے پرتگال کے دارالحکومت لزبن کی کچی بستیوں میں قائم سکولوں میں اس بات کا مشاہدہ کیا تھا کہ غربت کے خاتمے اورترقی کیلئے تعلیم کتنی ضروری ہے اوریہ بنیادی انسانی حقوق میں کیوں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام ترکوششوں کے باوجود اس وقت غریب اورپسماندہ ممالک میں 260ملین سے زائد بچے اورجوان ،جن میں لڑکیوں کی زیادہ تعداد شامل ہیں،سکولوں سے باہرہے جو ہم سب کیلئے ایک لمحہ فکریہ ہے۔

وادی سوات سے تعلق رکھنے والی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا کے کئی خطوں میں لڑکیوں کی تعلیم کی راہ میں مشکلات موجود ہیں جن میں غربت ، جنگ وبحرانیں اورکم سنی کی شادیاں قابل ذکرہیں۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ نے صنفی مساوات وتعلیم سمیت کئی شعبوں میں ترقی کے بڑے بڑے اہداف مقررکئے ہیں تاہم یہ بات سمجھنی چاہئیے کہ جب تک ہم لڑکیوں کو تعلیم کا حق نہیں دیں گے اس وقت تک یہ اہداف حاصل نہیں کئے جاسکتے۔

تقریب سے برطانیہ کے سابق وزیراعظم گورڈن براون سمیت متعدد عالمی رہنماوں نے خطاب کیا۔ بھارت کی اداکارہ پریانکا چوپڑا جو یونیسیف کی خیرسگالی سفیر بھی ہے، نے اپنے خطاب میں تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کا دائرہ کاروسیع کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔