سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا حکم،پنجاب حکومت نے فیصلہ چیلنج کرنے کے لیے اجلاس طلب کر لیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 21 ستمبر 2017 14:21

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا حکم،پنجاب حکومت نے فیصلہ ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار - 21ستمبر 2017ء):وزیر اعلیٰ پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ منظر عام پر لائے جانے کے حکم کے بعد اپنی حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے اہم اجلاس طلب کر لیا ،تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے عوامی تحریک کی درخواست پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ پبلک کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے رپورٹ کو پبلک نہ کرنے اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے لیے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے ۔

(جاری ہے)

رانا ثنا اللہ اور رانا مقبول سمیت اہم قانونی مشیر اس اجلاس کا حصہ ہوں گے ۔ اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے حوالے سے حکمت عملی بنائی جائے گی ۔ تازہ ترین صورتحال کے مطابق حکومت نے تفصیلی فیصلہ ملتے ہی انٹرا کورٹ میں فیصلہ چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یاد رہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ جسٹس باقر نجفی نے تیار کی تھی جس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کا تعین کیا گیا تھا مگر حکومت اول روز سے ہی اس رپورٹ کو منظر عام پر لانے میں پس و پیش سے کام لے رہی ہے ۔