این اے 120میں عوام نے ثابت کر دیا نواز شریف ہی عوام کے لیڈر ہیں‘ راجہ نہیب ٹھاکر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیاں امریکہ کو تنہا کر دیں گی‘صدر متاثرین منگلا ڈیم

جمعرات 21 ستمبر 2017 14:45

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) سابق اُمیدوار اسمبلی پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر وایکشن فورم متاثرین منگلاڈیم کے صدر راجہ نہیب ٹھاکرنے کہا ہے کہ میاں محمد نوازشریف ہی پاکستان کے عوام کے لیڈر ہیں این اے 120کے الیکشن میں لاہور کے عوام نے مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف کے حق میں فیصلہ دیکر ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ ن پر اپنے اعتماد کا اظہار کر دیا ہے جبکہ عمران خان اور ان کے حواری اپنی شکست کا چھپانے کیلئے اوٹ پٹانگ باتیں کر رہے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ این اے 120کے الیکشن میں جس انداز کے ساتھ مریم نواز نے الیکشن مہم کو سرانجام دیااور گھر گھر جاکر میاں محمد نوازشریف کا پیغام عام کی ان کی شاندار سیاست کا عملی طورپر آغاز ہو چکا ہے محترمہ مریم نواز کو شاندار الیکشن مہم چلانے اور ان کی والدہ محترمہ کلثوم نواز کو کامیابی حاصل کرنے پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارسابق اُمیدوار اسمبلی پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر وایکشن فورم متاثرین منگلاڈیم کے صدر راجہ نہیب ٹھاکرنے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوںنے کہاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیاں امریکہ کو تنہا کر دیں گی۔پاکستان کی بہادر افواج اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں۔ اسلامی ممالک امن کے فروغ کا باعث بن رہے ہیں اور تمام اسلامی ممالک امن کے فروغ کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔ شدت پسندی کے خلاف کارروائی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور افواج پاکستان دہشت گردوں کو پسپاء کرنے کے ساتھ ساتھ ان کا خاتمہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہو گا لیکن پاکستان کے عوام اور بہادر افواج نے دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں اور پاکستان میں قیام امن کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے ۔ بھارت مقبوضہ کشمیر اورسیز فائر لائن پر نہتے شہریوں کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنا رہا ہے ۔بھارت کے خوفناک مذموم عزائم خطہ میں ہولناک تباہی کو جنم دے سکتے ہیں ۔

اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کومقبوضہ کشمیراور سیز فائر لائن پر بلا اشتعال گولہ باری اور جارحیت کانوٹس لیناچاہیے۔کشمیری گزشتہ 70سالوں سے اپنے پیدائشی حق حق خودارادیت کے حصول کے لئے لاکھوں جانی قربانیاں دے چکے ہیں ۔ جنوبی ایشیاء میں امن رکھنے کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل بہت ضروری ہے ۔بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے جب سے مودی نے اقتدار سنبھالا ہے خطہ میں افراتفری پھیلا رکھی ہے۔انہوں نے کہا بھارت کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر بلا اشتعال فائرنگ سے معصوم لوگوں کو شہید کر کے خوف و ہراس پھیلا رہا ہے۔عالمی برادری بھارت کی ہٹ دھرمی اور کھلی جارحیت کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرے۔