نشانِ حیدر ہاکی ٹورنامنٹ، بین الاقوامی کھلاڑی پاکستان آنے کیلئے تیار ہو گئے

جمعرات 21 ستمبر 2017 16:42

نشانِ حیدر ہاکی ٹورنامنٹ، بین الاقوامی کھلاڑی پاکستان آنے کیلئے تیار ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 ستمبر2017ء) پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے فوری بعد ہاکی کے بین الاقوامی کھلاڑی پاکستان آنے کے لیے تیار ہوگئے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن(پی ایچ ایف)اور پاکستان آرمی کی جانب سے گیارہ مقامی ٹیموں پر مشتمل نشانِ حیدر ہاکی ٹورنامنٹ منعقد کیا جا رہا ہے جس کا آغاز آئندہ ماہ 4 اکتوبر سے ہوگا جو عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پی ایچ ایف کے اس ٹورنامنٹ کا نام پاکستان کے اعلی فوجی اعزاز نشانِ حیدر پر رکھا گیا ہے جبکہ اس ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے نام نشانِ حیدر پانے والے شہدا کے نام پر رکھے گئے ہیں۔ٹورنا منٹ میں شرکت کے لیے بین الاقوامی کھلاڑی آئندہ ماہ کراچی آئیں گے جن میں آسٹریلیا کے میکس ویل جیمز ہیوز، جوشوا بلیز میک کیلر، جوسلنگ سائمن کینتھ، ڈیوڈ آرتھر، زیکرے ایڈورڈ، بروٹن برکیلے فلیمنگ میتھیو اور ہولمن نکولس جیمز جبکہ ارجنٹینا کے کھلاڑیوں میں مارکس گونزالو مارٹن، ماریرو ویریا جواکن، جون اگنیشیو اور بسو ایمیلیانو شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے سندھ رینجرز کی جانب سے سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)سندھ رینجرز نے بھی پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف)کے صدر بریگیڈیئر (ر)خالد سجاد کھوکھر کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرادی۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پی ایچ ایف بھی ہاکی کے بین الاقوامی کھلاڑیوں کو پاکستان لانے میں کامیاب ہوگئی۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ پاکستان میں کرکٹ ورلڈ الیون کے اعلان کے بعد ہاکی ورلڈ الیون نے بین الاقوامی میچز کھیلنے کے لیے پاکستان آنے کا اعلان کیا تھا اور یہ ٹیم رواں برس نومبر میں پاکستان آئے گی۔