کرکٹر مہندرا سنگھ دھونی کو ملک کے تیسرے بڑے شہری اعزاز پدما بھوشن کیلئے نامزد

دھونی ہماری کرکٹ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، بہترین انتخاب ہے ،بی سی سی آئی

جمعرات 21 ستمبر 2017 17:06

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2017ء) بھارتی کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان اور عظیم کرکٹر مہندرا سنگھ دھونی کو ملک کے تیسرے بڑے شہری اعزاز پدما بھوشن کیلئے نامزد کردیا ہے۔بی سی سی آئی کے قائم مقام صدر سی کے کھنہ نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے دھونی کو پدما بھوشن کیلئے نامزد کیا ہے، یہ بورڈ کے تمام اراکین کا متفقہ فیصلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دھونی ہماری کرکٹ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور بھارتی کرکٹ بورڈ کا سب سے مستند انتخاب ہیں۔

(جاری ہے)

مہندرا سنگھ دھونی بھارتی کرکٹ ٹیم کے سب سے کامیاب کپتان ہیں جن کی زیر یقادت بھارتی ٹیم نے 2011 کا عالمی کپ، 2007 کا ورلڈ ٹی20، 2013 کی چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔وہ 380 ون ڈے اور ٹی20 میچوں میں 10ہزار 949 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 90 ٹیسٹ میچوں میں چار ہزار 876 رنز بھی بنا چکے ہیں۔اگر دھونی یہ اعزاز حاصل کرتے ہیں تو وہ 11ویں کرکٹر ہوں گے جنہیں یہ اعزاز دیا جائے گا۔اس سے قبل سچن ٹنڈولکر، سنیل گاوسکر، کپیل دیو، راہول ڈراوڈ، لالا امرناتھ، کرنل سی کے نائیڈو، پروفیسر ڈی بی دیودھر، راجا بھلندر سنگھ اور مہارا آف وزیانگرام بھی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔۔

متعلقہ عنوان :