زلزلہ متاثرہ ضلع باغ کے عوام کو عالمی معیار کی جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں ،برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے تعاون سے عوام کو گورننس کے شعبہ میں جدید ضلعی ہیڈکوارٹر کمپلیکس تعمیرکرکے دیں گے ،زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعلیم ،صحت ،رسل ورسائل ،تحفظ ماحولیات کے منصوبوں کی تکمیل کی جارہی ہے

ڈپٹی چیئرمین ایرابریگیڈئر ابوبکر امین باجوہ کا سعودی فنڈ فارڈویلپمنٹ کے چیف انجینئر سید یاسرگیلانی کی بریفنگ میں اظہار خیال

جمعرات 21 ستمبر 2017 17:09

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 ستمبر2017ء) ڈپٹی چیئرمین ایرابریگیڈئر ابوبکر امین باجوہ نے کہا ہے کہ زلزلہ متاثرہ ضلع باغ کے عوام کو عالمی معیار کی جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں ،برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے تعاون سے عوام کو گورننس کے شعبہ میں جدید ضلعی ہیڈکوارٹر کمپلیکس تعمیرکرکے دیں گے ،زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعلیم ،صحت ،رسل ورسائل ،تحفظ ماحولیات کے منصوبوں کی تکمیل کی جارہی ہے ، ان خیالات کااظہار ڈپٹی چیئرمین ایرا بریگیڈئر ابوبکر امین باجوہ نے سعودی فنڈ فارڈویلپمنٹ کے چیف انجینئر سید یاسرگیلانی کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر سیکرٹری سیرا سردارمحمدفاروق تبسم ،ڈائریکٹر جنرل اربن ڈویلپمنٹ بریگیڈئر (ر) ظفر حسین واہلہ ،چیف انجینئر سیرا محمد طفیل ،جنرل منیجر نیسپاک میر محی الدین ،پراجیکٹ ڈائریکٹر باغ سٹی ڈویلپمنٹ بریگیڈئر(ر) محمد الطاف ،ڈپٹی کمشنر سردار عبدالوحید ،ایکسئین سیرا نشاد احمد خان ، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن سیرا اکرام الحق، ترک تعمیراتی کمپنی سیاہ قلم کے نمائندگان کے علاوہ مختلف محکموںکے افسران بھی موجود تھے ،چیف انجینئر سعودی فنڈ فارڈویلپمنٹ سید یا سرگیلانی نے ڈپٹی چیئرمین ایر اکو بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر کمپلیکس باغ کے تعمیراتی کام کو بروقت اور معیار ی نہ کرنے کی وجہ سے بلیک لسٹ کی گئی تعمیراتی کمپنی کا کچھ سامان موقع پر پڑا ہے جس کے لئے ہم نے کمپنی کے ذمہ داروں کو فوری طور پر جگہ خالی کرنے کا کہا ہے ۔

(جاری ہے)

ترک تعمیراتی کمپنی ’’سیاہ قلم ‘‘نے تعمیراتی کام کے لئے ابتدائی مراحل طے کرلئے ہیں ۔ہمیںتوقع ہے کہ جلدازجلد اس منصوبے کو مکمل کرلیاجائے گا۔ڈپٹی چیئرمین ایراء نے ترک تعمیراتی کمپنی سیاہ قلم کے نمائندگان سے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر کمپلیکس باغ کی جلد اورمعیاری تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں تاکہ زلزلہ متاثرہ ضلع باغ کے عوام کو ایرا کی جانب سے اپنے ویژن Build Back Better کے تحت معیار ی اورجدید سہولیات سے آراستہ یہ منصوبہ دیاجاسکے ۔

انہوںنے دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ تعمیراتی کمپنی کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیاجائے ،بعدازاں ڈپٹی چیئرمین ایرا بریگیڈئر ابوبکر امین باجوہ نے ڈھلی روڈ ماہل باغ پر تعمیرکئے گئے لوہاربیلہ پُل کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا ۔اور اس پُل کے باقی ماندہ کام کی فوری تکمیل کی ہدایت کی ۔ڈپٹی چیئرمین ایرا ء نے سدھن گلی روڈ پر ایرا کی جانب سے زیر تعمیر پُلوں کے معائنہ کے علاوہ جگلڑی واٹر سپلائی سکیم ،ہاڑی گہل شجاع آباد روڈ کے منصوبوں کا بھی معائنہ کیا ۔