پٹیل پاڑہ میں تین منزلہ عمارت میں قائم فیکٹری میں آتشزدگی ،ایک ملازم کود گیا

اطلاع پر پولیس رینجرز کی امدادی ٹیمیں اور فائربریگیڈ کی آمد ،تنگ گلیوں کے باعث فیکٹری تک پہنچنے میں مشکلات

جمعرات 21 ستمبر 2017 17:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) کراچی کے علاقے پٹیل پاڑہ میں تین منزلہ عمارت میں قائم گارمنٹس فیکٹری اور گودام میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی ،ایک ملازم نے خوف سے پہلی منزل سے چھلانگ لگا دی ،امدادی ادارے نی4ملازمین کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا۔تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹر کے علاقے پٹیل پاڑہ بزنس ریکارڈر روڈ پر واقع نعمان مسجد کے عقب میں واقع صدیق بیکری سے متصل3منزلہ رہائشی عمارت میں قائم گارمنٹس فیکٹری کے گراونڈ فلور پر بدھ کی سہ پہر تقریبا ڈیڑھ بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے دھوئیں اور شعلوں سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور علاقہ مکین موقع پر جمع ہو گئے ،جبکہ آگ کی اطلاع پر پولیس ،رینجرز امدادی ٹیمیں اور فائر بریگیڈ بھی موقع پر پہنچ گئی تاہم تنگ گلیوں کی وجہ سے اندر جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اسی دوران ایک ملازم نے جان کے خوف سے پہلی منزل سے چھلانگ لگادی جس کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ،فائر بریگیڈ کے ترجمان نے کہا کہ فیکٹری میں کپڑا سلائی کیا جاتا تھا اور نچلے حصے پر کمبل سمیت دیگر اشیا کا گودام بناہوا تھا اور آگ نے کپڑے وکمبل کی وجہ سے شدت اختیار کر لی اور تینوں منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ،جبکہ تنگ گلیوں کی وجہ سے گاڑیوں کو اندر پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،ترجمان نے مزید بتایا کہ آگ پر4گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد 6 گاڑیوں کی مدد سے قابو پالیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے ۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او سعید اختر کے مطابق فیکٹری میں آگ بجھائے جانے کے دوران اندر موجود4افراد فواد،شہروز،یاسر اور اویس کو بے ہو شی کی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں پر ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے ،پولیس نے مزید بتایا کہ اور آگ لگنے کے بعد سے فیکٹری کا مالک لاپتہ ہے ، پولیس مذکورہ مالک کو تلاش کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :