سندھ ہائی کورٹ نے برنس گارڈن میں حکومت سندھ کی جانب سے کی جانے والی تعمیرات فوری روکنے کا حکم دے دیا

جمعرات 21 ستمبر 2017 17:26

سندھ ہائی کورٹ نے برنس گارڈن میں حکومت سندھ کی جانب سے کی جانے والی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) سندھ ہائی کورٹ نے میئر کراچی وسیم اختر کی درخواست پر نیشنل میوزیم سے متصل برنس گارڈن میں حکومت سندھ کی جانب سے کی جانے والی تعمیرات فوری روکنے کا حکم دیتے ہوئے سندھ حکومت کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔جمعرات کوسندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کے روبرو نیشنل میوزیم سے متصل برنس گارڈن میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف میئر کراچی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

میئر کراچی وسیم اختر کے وکیل نے کہا کہ برنس گارڈن پارک کے ایم سی کی ملکیت ہے۔ سندھ حکومت پارک پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ پارک میں غیرقانونی تعمیرات جاری ہیں۔ کے ایم سی کے نوٹس کا جواب بھی نہیں دیا گیا۔ پارک میں عمارت تعمیر کرنا غیرقانونی اقدام ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے سندھ حکومت کو تعمیرات فوری روکنے کا حکم دیتے ہوئے 25اکتوبر تحریری جواب طلب کرلیاہے۔

سماعت کے میڈیا سے بات کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ ایوب خان کے حکم پر میوزیم کی زمین دی گئی لیکن اب وہاں عمارت تعمیر کی جارہی ہے۔ میئر کراچی نے کہاکہ برنس گارڈن محکمہ بلدیہ کی ملکیت ہے اور کسی کو بھی پارک میں عمارت تعمیر کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ وسیم اختر نے کہا کہ تعمیرات رکوانے کیلئے خطوط لکھے لیکن کوئی جواب نہیں آیا۔ انہوں نے کہاکہ متعدد بار حکومت سے بات بھی کی لیکن شنوائی نہیں ہوئی اس کے بعد عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔

متعلقہ عنوان :