اسحاق ڈار جاتے جاتے خزانہ ساتھ لے گئے نیا وزیرخزانہ کیا مکھیاں مارے گا‘چودھری شجاعت حسین

وکلا برادری سمجھتی ہے ہماری جماعت ملک کیلئے ہر قربانی دے سکتی ہے‘ سینئر وکلا کی پاکستان مسلم لیگ (ق )میں شمولیت پر گفتگو

جمعرات 21 ستمبر 2017 17:48

اسحاق ڈار جاتے جاتے خزانہ ساتھ لے گئے نیا وزیرخزانہ کیا مکھیاں مارے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ہماری جماعت میں وکلا کی مسلسل شمولیت اور اظہار اعتماد اس بات کی علامت ہے کہ یہی وہ واحد جماعت ہے جو ملکی مفاد کی خاطر ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر عالمگیر ایڈووکیٹ اور ملک کرامت ایڈووکیٹ کی سربراہی میں سینئر وکلا کے وفد سے ملاقات اور پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔

شامل ہونے والوں میں محمد حسین، رفیق انیس، عثمان احمد کھوکھر، رانا احسان اللہ، عارف محمود چودھری، چودھری کرامت، ملک غضنفر سعید اور ذوالقرنین واہلہ شامل تھے جبکہ سینئر ایڈووکیٹ جہانگیر اے جھوجھہ، نادر دوگل اور اشتیاق گوہر ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے اس موقع پر ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار جاتے جاتے خزانہ تو ساتھ لے گئے ہیں نئے وزیرخزانہ کیلئے کیا بچا ہے جب خزانہ ہی خالی ہے تو اس عہدے کی ضرورت نہیں کیا نئے وزیر خزانہ نے مکھیاں مارنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے اکثر افراد سپریم کورٹ کے خلاف بول کر توہین عدالت کے مرتکب ہوتے رہے عدلیہ کے تقدس کو پامال کرنے والے ملک کے وفادار اور مخلص کیسے ہو سکتے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ میں نے پہلے کہہ دیا تھا کہ شریف خاندان ملک سے فرار ہو جائے گا ہم 12 سال تک ایک ساتھ رہے ہیں ہم ان کو اچھی طرح جانتے ہیں اب یہ واپس نہیں آئیں گے، شریف خاندان نے نہ تو پہلے عدالتوں کا سامنا کیا اور نہ ہی اب کریں گے۔

متعلقہ عنوان :