پاک چین اقتصادی راہداری بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا اہم ذریعہ ہے، ہم مغرب سے بھی سرمایہ کاری کے دیگر اضافی وسائل کے خواہاں ہیں

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ورلڈ اکنامک فورم کے ایگزیکٹو چیئرمین کلائوس شواب سے گفتگو پاکستان کی معیشت میں حالیہ پیش رفت کو دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں،کلائوس شواب

جمعرات 21 ستمبر 2017 21:21

پاک چین اقتصادی راہداری بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا اہم ذریعہ ہے، ..
نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا ایک اہم ذریعہ ہے، ہم مغرب سے بھی سرمایہ کاری کے دیگر اضافی وسائل کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے یہ بات ورلڈ اکنامک فورم کے ایگزیکٹو چیئرمین کلائوس شواب سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

کلائوس شواب نے کہا کہ وہ پاکستان کی معیشت میں حالیہ پیش ہائے رفت کو دیکھ کر بہت متاثر ہوئے ہیں۔ پاکستان میں حالیہ تبدیلی نے اس امر کا عندیہ دیا ہے کہ نظام میں سیاسی استحکام بخوبی موجود ہے جس سے بین الاقوامی کاروباری برادری کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو ورلڈ اکنامک فورم میں مدعو کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہیں گے کہ پاکستان کی کامیابی کی تفصیلات کو فورم میں پیش کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مغرب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات عشروں پرانے ہیں اور ان کی بڑی قدر کی جاتی ہے۔ کلائوس شواب نے صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سیکورٹی کے شعبوں میں روابط پر زور دیا جن میں پاکستان پیشرفت کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے اتفاق کیا کہ ان شعبوں میں تعاون کا بہت امکان پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف سرکاری شعبہ بلکہ نجی شعبہ پر بھی توجہ مرکوز کر رہی ہے جو ترقی میں بنیادی محرک کی حیثیت رکھتا ہے۔ ملاقات میں رابطے اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق پایا گیا۔