حکمرانوں نے عوام پر مہنگائی اور بجلی کا بم گرایا ہے، آئی ایم ایف ،ورلڈ بنک کی بنائی ہوئی معاشی پالیسیوں نے پاکستان کو غربت کی دلدل میں دھکیل دیا ہے،

بجلی کی قیمت میں اضافے سے مہنگائی کا سیلاب آئیگا، عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافے سے ان کی کمر ٹوٹ جائیگی صوبائی امیر جماعت اسلامی مشتاق احمد خان کا پشاور کی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 21 ستمبر 2017 21:21

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 ستمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ہونے والے اضافے کو مسترد کرتے ہیں،حکمرانوں نے عوام پر مہنگائی اور بجلی کا بم گرایا ہے، آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی بنائی ہوئی معاشی پالیسیوں نے پاکستان کو غربت کی دلدل میں دھکیل دیا ہے، بجلی کی قیمت میں اضافے سے مہنگائی کا سیلاب آئے گا۔

بجلی کی قیمتوں میں اضافہ روزمرہ استعمال کی سینکڑوں اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بنے گا، عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافے سے ان کی کمر ٹوٹ جائے گی۔بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بلا جواز ہے، حکمران اپنی شاہ خرچیاں کم کرنے اور کرپشن کو لگام دینے کی بجائے عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں،حکمرانوں کے دلوں میں عوام کے لئے کوئی رحم نہیں، بجلی کی قیمت میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں ، اضافے کے خلاف عوام کو ساتھ لے کر تحریک چلائیں گے،حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان میں غربت کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے، غربت کی وجہ سے علاج معالجے کی سہولیات عام پاکستانی کی دسترس سے باہر ہیں اور عوام اپنے اعضاء بیچنے پر مجبور ہیں، ن لیگ سے کسی بھلائی کی توقع کرنا بے وقوفی ہے، حکمرانوں کا بھوکا شیر غریب عوام کی رگوں سے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لے۔ وہ بروز جمعرات المرکزالاسلامی میں جماعت اسلامی ضلع پشاور کی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری عبدالواسع، نائب امیر ڈاکٹر محمد اقبال خلیل، پشاور کے امیر صابر حسین اعوان اورجنرل سیکرٹری عتیق الرحمن سمیت شوریٰ اراکین موجود تھے۔

مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے احکامات کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہیں۔ بجلی کے اور لوڈ شیڈنگ کے باعث ملکی معیشت پہلے ہی تباہ ہوگئی ہے، صنعتکاروں نے اپنی صنعتیں بیرون ممالک منتقل کردی ہیں۔لوڈ شیڈنگ کو ختم کرنے کا دعویٰ کرنے والے حکمراں غریب آدمی کی رگوں سے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑنا چاہتے ہیں۔

بجلی کی قیمت میں اضافے کے خلاف شدید احتجاج کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ ن لیگ کی حکومت غریب عوام پر کسی عذاب سے کم نہیں، حکومت آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے اشاروں پر چل رہی ہے جو ملک میں مہنگائی کا سبب بن رہے ہیں۔ 6ماہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کرنے والی ن لیگ کی حکومت ملک میں نہ صرف لوڈ شیڈنگ روکنے میں ناکام رہی ہے بلکہ ان کی وجہ سے دیگر مسائل میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ حکمران عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنے عیاشیاں کم کریں۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کم نہیں کیا گیا تو عوام کے ساتھ سڑکوں پر آئیں گے ۔