جینا مرنا اے این پی کے ساتھ ہے ، مخالفین اپنی ناؤ کی فکر کریں ، زاہد خان

جمعرات 21 ستمبر 2017 22:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد خان نے کہا ہے کہ میرا جینا مرنا اے این پی کے ساتھ ہے اور کبھی اے این پی کو چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، مخالفین میرے خلاف پروپیگنڈہ کرنے کی بجائے آنے والے انتخابات کی تیاری کریں۔ سیاست چھوڑ سکتا ہوں مگر اے این پی کو چھوڑنے کا تصور نہیں کر سکتا ، سوشل میڈیا پر اپنے حوالے سے جاری افواہوں پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مقامی میڈیا نمائندوں کے ساتھ لندن سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے زاہد خان نے کہا کہ وہ گزشتہ دو ہفتوں سے اپنے بیمار بیٹے کے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں اور 30ستمبر کو وطن واپس آئینگے۔

انہوں نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس بار لندن قیام کے دوران ان کی میاں نواز شریف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 40برس سے عوامی نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم سے عملی سیاست میں حصہ لے رہا ہوں، پختونوں کے حقوق کے حصول اور دہشت گردوں کا سامنا کرتے ہوئے میری پارٹی، قائدین، کارکنان اور میرے خاندان نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علاقہ کی تعمیر و ترقی کے لیے پہلے بھی جدوجہد کی ، اب بھی جاری رہے گی، مخالفین میری عدم موجودگی میں میرے خلاف پارٹی چھوڑنے کے حوالے سے پروپیگنڈہ کرنے میں مصروف ہیں، جن عناصر نے دروغ گوئی پر مبنی مہم چلائی ہے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروںگا، انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی قیادت کے حکم پر حلقہ این اے 34دیر لوئیر سے اگلے عام انتخابات میں پارٹی کے امیدوار ہونگے، کارکنان کسی بھی پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں، اگلے عام انتخابات میں اے این پی واضح قوت بن کر ابھرے گی۔

متعلقہ عنوان :