وزیراعلیٰ پنجاب کی ڈی جی خان میں سی ٹی ڈی پنجاب کے شہید کانسٹیبل جاوید اقبال کی اہلیہ و دیگر اہل خانہ سے ملاقات

شہید کی اہلیہ کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا، اہل خانہ کیلئے ایک کروڑ35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دینے کا اعلان شہید کے بچے کو پولیس میں ملازمت دینے کا اعلان، اہل خانہ کو ماہانہ 20 ہزار روپے وظیفہ بھی ملے گا وزیراعلیٰ کا شہید جاوید اقبال کی ملک و قوم کیلئے عظیم قربانی کو خراج عقیدت ،بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی انسداد دہشتگردی فورس پنجاب نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بڑی روشن مثالیں قائم کی ہیں :شہبازشریف

جمعرات 21 ستمبر 2017 22:11

وزیراعلیٰ پنجاب کی ڈی جی خان میں سی ٹی ڈی پنجاب کے شہید کانسٹیبل جاوید ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ڈیرہ غازی خان میں انسداد دہشت گردی فورس پنجاب کے شہید کانسٹیبل جاوید اقبال کی اہلیہ اور دیگر اہلخانہ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے شہید جاوید اقبال کی ملک و قوم کیلئے عظیم قربانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور شہید کی اہلیہ کو ایک کروڑ روپے کی مالی امداد کا چیک دیا۔

وزیراعلیٰ نے شہید کانسٹیبل جاوید اقبال کی اہلیہ اور بچوں کیلئے ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دینے کا اعلان کیا جبکہ گھر کے علاوہ شہید کی فیملی کو 7 مرلے کا پلاٹ بھی دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے شہید کانسٹیبل کے بچے کو پولیس میں ملازمت دینے کا اعلان کیا جبکہ شہید کے اہلخانہ کی دیکھ بھال اور ٹرانسپورٹ کیلئے ماہانہ 20 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائے گا اور شہید کی مدت ملازمت پوری ہونے تک اہلیہ کو پوری تنخواہ ملتی رہے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے شہید کانسٹیبل جاوید اقبال کی اہلیہ اور دیگر اہلخانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ کو مفت طبی سہولتیں ملیں گی اور شہید کے بچوں کے تعلیمی اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آپ کے غم اور نقصان کا ازالہ نہیں کیا جاسکتا، تاہم آپ اور آپ کے خاندان کی کفالت کی ذمہ داری ہماری ہے جو ہر صورت پوری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی فورس پنجاب نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بڑی روشن مثالیں قائم کی ہیں اور کانسٹیبل جاوید اقبال کی شہادت اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن کی روسے شہید زندہ ہوتے ہیں اورشہید پوری قوم کے محسن ہیں۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تاریخ کانسٹیبل جاوید اقبال جیسے شہداء کی عظیم قربانیوں کو یاد رکھے گی اور مورخ شہداء کے نام دہشت گردی کیخلاف جنگ کی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھے گا۔

انہو ںنے کہا کہ پاکستان کی بنیادوں میں شہیدوں کا لہو شامل ہے اور ملک کا استحکام بھی شہیدوں کا مرہون منت ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہید کانسٹیبل جاوید اقبال کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ واضح رہے کہ انسداددہشت گردی فورس پنجاب کے کانسٹیبل جاوید اقبال کو تحصیل تونسہ شریف میں دہشت گردوں نے 31 اگست کو ڈیوٹی سے گھر واپس آتے ہوئے راستے میں گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔ شہید کانسٹیبل جاوید اقبال نے دہشت گردوں کیخلاف اہم معلومات اکٹھی کیں جس کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کئے گئے اور 7 دہشت گردوں کوہلاک کیا گیا اور متعدد گرفتار کئے گئے۔