پاکستان مخالف لابی عالمی سطح پر متحرک ہے، ٹرمپ کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب متعصبانہ اور جارحانہ تھا،صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

امریکہ ڈو مور کی رٹ لگانے کی بجائے اپنی امن دشمن پالیسیوں کو تبدیل کرے،ٹرمپ کی انتہا پسندانہ سوچ دنیا کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے،سیکرٹری جنرل جمعیت علماء پاکستان

جمعرات 21 ستمبر 2017 22:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2017ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ پاکستان مخالف لابی عالمی سطح پر متحرک ہے۔ ٹرمپ کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب متعصبانہ اور جارحانہ تھا۔ امریکہ ڈو مور کی رٹ لگانے کی بجائے اپنی امن دشمن پالیسیوں کو تبدیل کرے۔ ٹرمپ کی انتہا پسندانہ سوچ دنیا کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے۔

اقوام متحدہ عالمی طاقتوں کی آلہ کار بن چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی لاہور کے جنرل سیکریٹری رانا رحمت علی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا ہے کہ گھر درست کرنے میں حکومت کوئی رکاوٹ آڑے نہ آنے دے۔ تمام مکاتب فکر محرم میں نفاق نہیں اتحاد کا مظاہرہ کریں۔

(جاری ہے)

دشمن فرقہ واریت کے نام پر ہمیں لڑانا چاہتا ہے۔

حکومت اشتعال انگیزی کرنے والے شرپسندوں کو پکڑے۔ جے یو پی کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ عالمی امن کو ٹرمپ کی پالیسیوں سے خطرہ ہے۔ امن و امان بنی نوع انسان کا اہم اور بنیادی حق ہے۔ عالمی امن کے لئے کشمیر، فلسطین، افغانستان، شام، یمن اور برما کے مسائل کا حل ضروری ہے۔ کچھ سیاسی حلقے پاکستان میں مارشل لا لگوانے کی کوششیں کر رہے ہیں لیکن چور دروازے سے اقتدار میں آنے کے خواب دیکھنے والے ناکام رہیں گے۔ آرمی چیف کا ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ ملاقات میں جمہوریت کے ساتھ وابستگی کا عزم خوش آئند ہے۔