اٹھارویں ترمیم کے بعد حکومت سندھ من مانی کر رہی ہے، شہر کے پارکوں اور کھیل کے میدانوں پر قبضہ نہیں ہونے دیں گے، میئر کراچی وسیم اختر

محکمہ آرکائیو وفاقی حکومت اور محکمہ سیاحت حکومت سندھ نے برنس گارڈن پارک میں تجاوزات قائم کرنے کی کوشش کی، میڈیا سے بات چیت

جمعرات 21 ستمبر 2017 23:31

اٹھارویں ترمیم کے بعد حکومت سندھ من مانی کر رہی ہے، شہر کے پارکوں اور ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد حکومت سندھ من مانی کر رہی ہے، شہر کے پارکوں اور کھیل کے میدانوں پر قبضہ نہیں ہونے دیں گے، برنس گارڈن میں تعمیرات کے خلاف ہائی کورٹ میں دائر کردہ ہماری پٹیشن پر عدالت نے برنس گارڈن میں تعمیرات کے خلاف حکم امتناع جاری کرتے ہوئے تعمیرات کو فوری روکنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں،یہ بات انہوں نے جمعرات کی صبح سندھ ہائیکورٹ میں برنس گارڈن میں تعمیرات کے خلاف پٹیشن دائر کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، میئرکراچی نے کہا کہ برنس گارڈن جو شہریوں کی امانت ہے اس میں گھر اور دفتر تعمیر کئے جارہے تھے،محکمہ آرکائیو وفاقی حکومت اور محکمہ سیاحت حکومت سندھ نے پارک میں تجاوزات قائم کرنے کی کوشش کی،متعدد بار چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ ، محکمہ آرکائیو اور محکمہ سیاحت کو اس حوالے کئی خطوط لکھے لیکن کسی خط کا جواب نہیں دیا،پارک میں نا جائز تعمیرات روکنے کے لئے آخری حل کے طور پر عدالت سے رجوع کرنا پڑا جس پر سندھ ہائیکورٹ نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے برنس گارڈن میں ہر قسم کی تعمیرات فوری طور پر روکنے کا حکم دیا ہے، تفصیلات کے مطابق جسٹس عرفان سادات اور جسٹس فیصل کمال عالم پر مشتمل عدالت نے برنس گارڈن میں تعمیرات کے خلاف حکم امتناع جاری کرتے ہوئے تعمیرات کو فوری روکنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ، انہوں نے کہاکہ پارکوں اور گرائونڈز میں تعمیرات غیر قانونی ہیں ہم اس کے خلاف ہیں،برنس گارڈن قیام پاکستان سے قبل سے ہی بلدیہ کراچی کی ملکیت رہا ہے،پارکس عوام کی تفریح طبع کے لئے ہوتے ہیں اور ان میں مکانات اور دیگر تعمیرات کا مطلب شہریوں کو تفریح کے مواقع سے محروم کرنا ہے ، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی پر مامور مرکزی ادارہ ہے اور ہم اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے کسی کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ شہریوں سے ان کا کھیل و تفریح کا حق چھین لے اور اس کے لئے جو بھی ضروری ہوئے اقدامات کئے جائیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ ہمارا مقصد اس کے سوا کچھ نہیں کہ برنس گارڈن جیسی تاریخی جگہ کو جلد از جلد بحال کرایا جائے اور کراچی کے شہریوں کو جو پہلے ہی باغات اور سرسبز قطعات کی کمی محسوس کر رہے ہیں ایک معیاری اور خوبصورت پارک واپس کیا جائے۔