راولپنڈی ، پیپلز پارٹی وفاقِ پاکستان کی علامت اور چیئرمین بلاول بھٹو استحکامِ پاکستان کی علامت ہیں،سردار سلیم حیدر خان

جمعرات 21 ستمبر 2017 23:32

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 ستمبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی وفاقِ پاکستان کی علامت اور چیئرمین بلاول بھٹو استحکامِ پاکستان کی علامت ہیں۔ بروز جمعرات اِن خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر سردار سلیم حیدر خان نے بلاول ہائوس کراچی سے حاجی محمد گلزار اعوان سابق ڈپٹی سیکرٹری پبلک ریلیشنز پاکستان پیپلز پارٹی (پنجاب) کی رہائش گاہ پر منعقدہ چیئرمین بلاول بھٹو کی 29 ویں سالگرہ کی تقریب سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اُنہوںنے کہا کہ بلاو ل بھٹو نہ صرف اِس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں بلکہ نوجوانوں کے حقیقی قائد اور مظلوم طبقات کی اُمید ہیں۔ تقریب کی صدارت ضیاء آمریت کے دوران راولپنڈی میں سب سے پہلے کوڑے کھانے والے بزرگ راہنما ملک محمد صدیق نے کی جبکہ تقریب میں سینکڑوں کی تعداد میں جیالوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن مظہر حسین بابر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید بھٹو نے تاریخ کے ہاتھوں مرنے کی بجائے آمر کے ہاتھوں مرنے کو ترجیح دی اور زندہٴ جاوید ہوئے۔

شہید بی بی نے اپنی جان قربان کر دی لیکن اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ اُن کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو میدان میں نکل آئے ہیں۔ اُن کی قیادت میں مظلوم عوام پاکستان میں حقیقی عوامی راج قائم کر کے دم لیں گے۔ حاجی محمد گلزار اعوان سابق ڈپٹی سیکرٹری پبلک ریلیشنز پاکستان پیپلز پارٹی (پنجاب) نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج چیئرمین بلاول بھٹو کی سالگرہ کی اِس تقریب میں جہاں ایک طرف راولپنڈی و چکلالہ کینٹ سے سینئر ترین جیالے موجود ہیں وہاں یونیورسٹیوں اور کالجوں کے نوجوان طلبہ کی یہاں موجودگی اِس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو بلاول کی شکل میں بھٹو دکھائی دینے لگا ہے۔

بلاول بھٹو شہیدوں کے وارث ہیں۔ اُنہوں نے شہید بھٹو اور شہید بی بی کا پرچم تھام رکھا ہے۔ اُن کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی مظلوم طبقات کو ساتھ لے کر بھٹو اِزم کے مشن کی تکمیل کیلئے تاریخی کامیابیاں حاصل کرے گی۔ کوئی عوام دشمن ہماری راہ نہیں روک سکتا۔ ہم ان شاء اللہ سردار سلیم حیدر خان کے دست و بازو بن کر راولپنڈی ڈویژن کو پاکستان پیپلز پارٹی کا مضبوط قلعہ بنائیں گے۔

تقریب میں گل بہادر خان، ملک جاوید اقبال ایڈووکیٹ، ملک محمد تاج، شکیل اعوان، ماجد ملک، عابد مغل، عزیر بازغ، سجاد حسین ساجد، عبدالرؤف اعوان، صادق خان ترین، راجہ خورشید، خالد جیالا، طاہرہ بادشاہ، شاہین بشیر، زینب نواز، اسد علی حیدری، سلیم شاہد، شیخ فیاض، حکیم خالد گویندی، مظہر جاوید ملک، راجہ عشرت سلیم، کامریڈ جلال، ملک بوستان، محمد حسین بھٹی، آغا صہیب، آغا منیب، بابائے پی ایس ایف ملک مصطفی اور دانش اعجاز، ملک فیصل ، سردار عزیر اور عدنان خان کی قیادت میں یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبہ سمیت بڑی تعداد میں جیالوں نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر چیئرمین بلاول بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔