Live Updates

ایک ہزار عمران بھی ترقی کے سفر کو نہیں روک سکتے، آج دہشتگرد آگے بھاگ رہے ہیں، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور مافیا بحیرہ عرب میں غرق ہو گئے، بلوچستان میں چپے چپے پر پاکستان کا پرچم لہرا رہا ہے، ملک بھر میں شاہراہیں بن رہی ہیں، تبدیلی اسے کہتے ہیں، عمران خان ہمیں لیکچر دیتے ہیں، کے پی کے کو کتنا جرمنی اور فرانس بنا لیا، پشاور میٹرو تین سال بعد بھی فائلوں تک ہے، قوم بہروپیوں کو جانتی ہے،

وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال کا بنی گالہ پل کے افتتاح کے بعد جلسے سے خطاب

جمعرات 21 ستمبر 2017 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2017ء) وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایک ہزار عمران بھی ترقی کے سفر کو نہیں روک سکتے، آج دہشتگرد آگے بھاگ رہے ہیں، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور مافیا بحیرہ عرب میں غرق ہو گئے، بلوچستان میں چپے چپے پر پاکستان کا پرچم لہرا رہا ہے، ملک بھر میں شاہراہیں بن رہی ہیں، تبدیلی اسے کہتے ہیں، عمران خان ہمیں لیکچر دیتے ہیں، کے پی کے کو کتنا جرمنی اور فرانس بنا لیا، پشاور میٹرو تین سال بعد بھی فائلوں تک ہی ہے، قوم بہروپیوں کو جانتی ہے، عمران کو ڈر ہے کہ ہم کامیاب ہو گئے تو 2018ء کا الیکشن جیت جائیں گے، اس لئے سیاسی استحکام نہیں چاہتے۔

جمعرات کو وزیر داخلہ نے بنی گالہ پل کے افتتاح کے بعد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنی گالہ میں پل نہ ہونے کی وجہ سے اموات ہوئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترقی کے منصوبے چل رہے ہیں تاکہ پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنا سکیں، پاکستانی جو پاکستان کو ترقی یافتہ ملک دیکھنا چاہتا ہے وہ مسلم لیگ کا ووٹر ہے، یہ جو بنی گالہ کے محل میں رہتا ہے کہتا ہے کہ پاکستان میں ہر چیز کا خانہ خراب ہو چکا ہے، عمران خان کو پاکستان کی بھلائی میں بھی ستیاناس اور بیڑہ غرق نظر آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ستیاناس بریگیڈ کا لیڈر عمران خان ہے اسے کہنا چاہتا ہوں کہ تم کرکٹ پہ بات کرو، ترقی کے اصول بتاو گے تو میں ردی کے ٹوکری میں پھینکوں گا، جس نے یونین کونسل نہیں چلائی وہ 20 کروڑ عوام کو کیسے ترقی کے اصول بتا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی لڈو کا کھیل نہیں، سنجیدہ کھیل ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ وہ ملک تھا جہاں ہر روز آگ اور خون کی دہشت گردی میں شہریوں اور عوام کے خون سے زمین تر ہوتی تھی، یہ وہ حالات تھے جب ہم نے باگ ڈور سنبھالی، آج دہشت گرد آگے بھاگ رہے ہیں، اسے تبدیلی کہتے ہیں، کراچی معیشت میں ریڑھ کی حیثیت رکھتا ہے، کراچی میں کوئی دولت مند رہنے کو تیار نہیں تھا اور بھتہ مافیا کا راج تھا، آج دو ہزار سترہ میں ٹارگٹ کلنگ اور مافیا بحیرہ عرب میں غرق ہو چکے ہیں، اس کو تبدیلی کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی حالت یہ تھی کہ وہاں کوئی پاکستان کا جھنڈا لہرانے کو تیار نہ تھا۔ آج چپے چپے پر جشن آزادی کا تہوار منایا جاتا ہے آج بلوچستان کے لوگ پورے ملک کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ چلتے ہیں، بلوچستان قومی دھارے میں آرہا ہے، کراچی میں امن آرہا ہے، ہم سب نے مل کر کام کیا تو پاکستان امن کا گہوارہ بننے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو کے زمانے میں لواری ٹنل شروع ہوا جسے ہم نے اربوں روپے دے کر پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور سے کراچی تک موٹر وے مکمل ہو رہی ہے، ڈیرہ اسماعیل سے کوئٹہ تک شاہراہ بنائی جا رہی ہے، یہ بندہ ہمیں لیکچر دیتا ہے کہ سڑکیں کیوں بناتے ہو ملک کی ترقی کے سارے دروازے شاہراہوں کی وجہ سے کھلتے ہیں، آج عمران کہہ رہا تھا کہ فرانس میں کیسی تعلیم ہے جیسے کوئی این جی او والا تقریر کر رہا تھا، چار سال ہو گئے آپ نے کے پی میں کتنا جرمنی، فرانس بنا لیا۔

انہوں نے کہا کہ تین برس ہو گئے پشاور میٹرو فائلوں میں ہی ہے، خان صاحب الیکشن کمیشن میں پیش ہونا اپنی توہین سمجھتے ہیں اور درس انصاف کا دیتے ہیں، ان جیسوں کو کون مین کہا جاتا ہے جو چکنی چپڑی باتوں سے دھوکہ دیتے ہیں، قوم بہروپیوں کو جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بیرونی فنڈنگ کا جواب کیوں نہیں دیتی بیرونی آقا ایجنڈا بھی دیتے ہیں، عمران خان کا منصوبہ ہے کہ پاکستان میں سیاسی استحکام پیدا نہ ہو، شیخ رشید اور عمران کو جاپان بھی بھیج دیں تو وہاں بھی ترقی رک جائے، ان لوگوں کو تعمیر کا سبق نہیں آتا بس فتنہ انگیزی کرنا آتی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی، پاکستان میں امن و استحکام کی جنگ جیت گئے تو ہم وہ ترقی دس سال میں حاصل کر لیں جو جاپان نے 30 سال میں حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کا الیکشن خدمت اور ترقی پر ریفرینڈم ہو گا، اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ مستقبل کی سپریم کورٹ نواز شریف فیصلہ پر ججھک محسوس کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2017 کا پاکستان 2013 کے پاکستان سے بہت بہتر ہے اور یہی سوال ہم عوام کے پاس لے کے جائیں گے، عمران کو اسی کامیابی سے خوف ہے، کابیینہ کا ایک ایک فرد نواز شریف کے منشور کو پورا کرنے کے لئے تن من کی بازی لگائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات