کڈنی سینٹر صوبے کے اہم اداروں میں سے ایک ہے، اس کو مزید بہتر بنانے کے لئے صوبائی سطح پر تمام تر ممکنہ اقدامات کررہے ہیں،صوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ

جمعہ 22 ستمبر 2017 00:10

کوئٹہ۔21 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء)صوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ کڈنی سینٹر صوبے کے اہم اداروں میں سے ایک ہے، اس کو مزید بہتر بنانے کے لئے صوبائی سطح پر تمام تر ممکنہ اقدامات کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کڈنی سینٹر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے تمام سینئر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولیات ہر شہری کا بنیادی حق ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اس ہسپتال میں جتنے بھی مریض زیرعلاج ہیں انہیں تمام تر سہولیات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال میں پنجاب کے مریض بھی زیرعلاج ہیں جن کا بہتر طریقے سے علاج جاری ہے۔ یہ ہسپتال صوبے کا بہترین ہسپتال ہے جس سے صوبے کے دوردراز کے لوگ استفادہ کررہے ہیں۔ آخر میں صوبائی وزیر نے ہسپتال کے سینئر ڈاکٹرز کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے ہسپتال میں زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی اور مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔