پاکستان افیون کی پیداوار سے پاک ملک بن چکا ہے

وفاقی وزیر انسداد منشیات لیفٹیننٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی کا ایوان بالا میں جواب

جمعہ 22 ستمبر 2017 13:04

پاکستان افیون کی پیداوار سے پاک ملک بن چکا ہے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر انسداد منشیات لیفٹیننٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی نے کہا کہ پاکستان افیون کی پیداوار سے پاک ملک بن چکا ہے، اے این ایف ملک بھر میں انسداد منشیات کے لئے کام کر رہی ہے۔ جمعہ کو ایوان بالا میں سینیٹر احمد حسن کے سوال پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی نے کہا کہ فاٹا میں متعدد سکیمیں 80 فیصد تک مکمل ہو چکی ہیں، باقی 20 فیصد سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

سینیٹر احمد حسن کے ضمنی سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اے این ایف منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے کام کر رہی ہے۔ کے پی کے میں اے این ایف کے سات تھانے ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز بھی اس ضمن میں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افیون کی پیداوار سے پاک ملک بن چکا ہے جس کا اقوام متحدہ نے بھی اعتراف کیا ہے۔

(جاری ہے)

اعظم سواتی کے ضمنی سوال پر صلاح الدین ترمذی نے کہا کہ حکومت نے مربوط اور جامع انسداد منشیات پالیسی 2010ء بنائی تھی۔

وزارت اس پالیسی پر نظرثانی کر کے نئی پالیسی بنانے پر غور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این ایف کی فورس تین ہزار جوانوں پر مشتمل ہے لیکن کام بہت زیادہ ہے۔ میاں عتیق کے ضمنی سوال پر انہوں نے کہا کہ منشیات سمگلنگ ایسا کام ہے جس میں پیچھے بیٹھے ہوئے لوگ سامنے نہیں آتے، جب ہمیں پتہ چلتا ہے کہ پیچھے کون ہے تو ہم پراپرٹی منجمد کر دیتے ہیں۔ سینیٹر نزہت صادق کے سوال پر وفاقی وزیر نے بتایا کہ ڈرگ اڈکٹ ریڈکشن پروگرام کے تحت آگاہی مہم میں تعلیمی اداروں میں جاتے ہیں اور پمفلٹ تقسیم کرتے ہیں۔ اس میں غیر ملکی سفارت خانے مدد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 26 جون کو عالمی یوم انسداد منشیات منایا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :