لڑکی دو ورنہ قتل کردینگے ‘چلاسی غنڈوں نے غریب خاندان کا جینا محال کردیا

نورقیدہ بی کا نکاح بچپن میں کیا گیاجس کی کوئی حیثیت نہیں‘ دانش غنڈوں کے ذریعے ہم پر حملے کرتا ہے اور ڈراتا دھمکاتاہے میری بہن شادی شدہ شخص کیساتھ نہیں جانا چاہتی ‘صدر ‘وزیراعظم ‘چیف جسٹس اور آئی جی پولیس تحفظ دیں‘ اورنگزیب کی اپیل

جمعہ 22 ستمبر 2017 15:22

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 ستمبر2017ء) بچپن میں کئے گئے نکاح کو بنیاد بنا کر چلاس سے غنڈے پھلاوئی آکر بے سہارا خاندان پر حملے کرنے لگے۔ لڑکی حوالے کرنے کیلئے دبائو ‘ پور ے خاندان کو قتل کرنے کی دھمکیاں ۔ متاثرہ خاندان کا فرد داد رسی کیلئے سینٹرل پریس کلب پہنچ گیا۔ صدر ‘وزیراعظم ‘چیف جسٹس اور آئی جی پولیس سے تحفظ اور انصاف کا مطالبہ ۔

پھلاوئی کے رہائشی اورنگزیب خان ولد محمد سعید نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 17سال قبل اس کی بہن کا نکاح ڈیڑھ ماہ کی عمر میں پڑھا گیا جس کی کوئی حیثیت نہیں ہے ۔ فاسق نکاح کی تنسیخ کیلئے آٹھمقام کی عدالت میں دعویٰ دائر کررکھا ہے۔میری بہن نورقیدہ بی بی کا نکاح جس لڑکے دانش صدیقی سے نکاح پڑھا گیا تھا اس نے شادی بھی کررکھی ہے اس کے تین بچے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ اور اس کا پورا خاندان اب چلاس میں رہائش پذیر ہے۔ میری بہن اب سترہ سال کی عاقل بالغ ہے وہ کسی صورت دانش صدیقی کیساتھ نہیں جانا چاہتی ۔ دانش صدیقی چلاس سے غنڈے لا کر ہم پر حملے کراتا ہے ۔ کئی بار ہمیں زدو کوب کیا۔ ہم پردبائو ڈال رہا ہے کہ نورقیدہ کو میرے حوالے کرو ورنہ پورے خاندان کو قتل کردینگے۔ ہمیں جان کا خطرہ ہے۔ہمارا گھروں سے باہر نکلنا بھی محال ہے۔ محنت مزدوری کیلئے بھی کہیں نہیں جاسکتے ہیں۔انہوں نے صدر ‘وزیراعظم ‘چیف جسٹس اور آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ انھیں تحفظ فراہم کرتے ہوئے انصاف دلایا جائے۔