حلقہ این اے 120 میں ضمنی انتخاب کے دوران بائیو میٹرک مشینوں سے 88 فیصد ووٹروں کی تصدیق ہوئی ‘

2ہزار 646 ووٹروں کے انگوٹھوں کی شناخت نہیں وہ سکی‘بائیو میٹرک مشینوں کے استعمال کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کریں گے ‘ این اے 4 پشاور میں ضمنی انتخاب میں 150 الیکٹرانکس مشینیں استعمال کی جائیں گی،سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب خان

جمعہ 22 ستمبر 2017 16:28

حلقہ این اے 120 میں ضمنی انتخاب کے دوران بائیو میٹرک مشینوں سے 88 فیصد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء) سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 میں ضمنی انتخاب کے دوران 39 پولنگ سٹیشنوں پر بائیو میٹرک مشینوں سے 88فیصد ووٹروں کی تصدیق ہوئی ‘ 22ہزار سے زائد ووٹروں میں سے 2ہزار 646ووٹروں کے انگوٹھوں کی شناخت نہیں وہ سکی‘ حلقے میں مجموعی ٹرن آئوٹ بہتر تھا ۔

الیکشن کمیشن بائیو میٹرک مشینوں کے استعمال کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرے گا ‘ این اے 4پشاور میں ضمنی انتخاب میں 150 الیکٹرانکس مشینیں استعمال کی جائیں گی۔نادرا سے پورے پاکستان کے ووٹرز کی بائیو میٹرک تفصیلات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔جمعہ کو الیکشن کمیشن میں این اے 120لاہور کے ضمنی انتخابات میں بائیو میٹرک مشینوں کے استعمال کے حوالے سے کئے گئے تجربے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ 22ہزار 181 ووٹروں نے 39پولنگ سٹیشنوں پر بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے ووٹ ڈالے جن میں سے 19ہزار 520 ووٹروں کی بائیو میٹرک تصدیق ہو سکی جبکہ 2ہزار 646 ووٹروں کی شناخت نہیں ہو سکی جوکہ 12فیصد بنتی ہے 12 فیصد ووٹروں کی تصدیق نہ ہونا ہمارے لئے پریشانی کا باعث ہے ‘ اگر پورے ملک میں یہ تناسب اسی طرح رہے تو 9کروڑ 70لاکھ ووٹروں میں سے ایک کروڑ 16 لاکھ ووٹروں کی تصدیق نہیں ہو سکے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان مشینوں کے استعمال کے نتائج بہتر نہیں ‘ الیکشن کمیشن انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لئے کوشاں ہیں۔بابر یعقوب نے کہا کہ اندیشہ ہے کہ دیہی علاقوں میں بائیو میٹرک مشینوں کی تعداد میں غیر تصدیق شدہ ووٹوں کی تعداد میں اضافہ ہو۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں اس بات سے متفق نہیں ہوں کہ لوگوں کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا‘ بڑا ٹرن آئوٹ اس بات کی نفی کرتا ہے ضمنی انتخاب میں پولنگ پرامن ہوئی کسی نے ایک پتھر تک نہیں پھینکا ۔

ڈی جی آئی ٹی الیکشن کمیشن خضر عزیز نے کہا کہ جن 12 فیصد ووٹروں کی تصدیق نہیں ہو سکی اس کی وجہ ڈیٹا کی عدم دستیابی ‘ سکن یا زخم کے نشانات تھے۔تمام مشینوں کے صبح سے شام تک استعمال کے باوجود 30 فیصد بیٹری باقی تھی۔ ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ نئے انتخابی قانون کے تحت پہلے الیکٹرانک اور بائیو میٹرک تجربات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کینیا میں بائیو میٹرک نظام کے تحت ہونے والے انتخابات کے نتائج وہاں کی عدالت نے مسترد کئے ہیں جن 39پولنگ سٹیشنوں پر بائیو میٹرک سسٹم اپنایا گیا وہاں کے 28 پولنگ سٹیشنوں پر مسلم لیگ ن جبکہ 11پر تحریک انصاف جیتی۔