کوئٹہ ،معاون خصوصی مقرر کرنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا تہہ دل سے مشکور ہوں ، میر عبدالکریم نوشیروانی

رکن صوبائی اسمبلی کا پارٹی فیصلے کے مطابق عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ

جمعہ 22 ستمبر 2017 19:22

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2017ء) مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء الله خان زہری کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ اُنہوں نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے معاون خصوصی مقرر کیا تھا تاہم میں پارٹی فیصلے کا پابند ہوں اس لئے اس عہدے سے مستعفی ہورہا ہوں یہ بات اُنہوں نے کراچی سے ٹیلی فون پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ تین دن قبل وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ کے تقرر کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا تاہم پارٹی فیصلے کے مطابق میں نے اس عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنا استعفیٰ پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر شیخ جعفر مندوخیل کو دے دیا ہے اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم پارٹی فیصلے کے پابند ہیں اور مجھے اپنے پارلیمانی لیڈر اور پارٹی کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین پر مکمل اعتماد ہے اور ہم شیخ جعفر خان مندوخیل جو کہ پارٹی کے صوبائی صدر بھی ہیں کی قیادت میں صوبے میں پارٹی کو فعال کرنے کیلئے ان کے ہاتھ مضبوط کریں گے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) آج بلوچستان میں شیخ جعفر خان مندوخیل کی وجہ سے فعال اور منظم ہے اور انشاء الله آئندہ2018ء کے الیکشن میں مسلم لیگ (ق) بلوچستان میں کلین سوئپ کرے گی۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ ہم عوامی خدمت کو ترجیح دیتے ہیں وزارتیں اور دیگر عہدے ہمارے لئے کوئی اہمیت نہیں رکھتے ہم عوام کی خدمت پہلے بھی ان عہدوں کے بغیر کررہے تھے اور آئندہ بھی کریں گے کیونکہ ہم عوام کو طاقت کا سرچشمہ سمجھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج بلوچستان میں مسلم لیگ کی جڑیں عوام میں موجود ہیں۔