نواز شریف ہر قیمت پر وطن واپس آئینگے،عام انتخابات میں (ن) لیگ کی قیادت بھی کرینگے‘ رانا ثنا اللہ

شہباز شریف دو روز میں لندن سے واپس آ جائینگے ،نیب کی کارروائیاں فراڈ ہیں ، پنجاب میں کوئی انکوائری نہیں کر رہا سانحہ ماڈل ٹائون سے متعلق ہائیکورٹ کے فیصلے سے متعلق آج اپیل دائر کریں گے‘ وزیر قانون پنجاب کی گفتگو

جمعہ 22 ستمبر 2017 20:18

نواز شریف ہر قیمت پر وطن واپس آئینگے،عام انتخابات میں (ن) لیگ کی قیادت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ نواز شریف ہر قیمت پر وطن واپس آئیں گے اور آئندہ عام انتخابات میں (ن) لیگ کی قیادت بھی کرینگے ،شہباز شریف دو روز میں لندن سے واپس آ جائیں گے ،نیب کی کارروائیاں فراڈ ہیں ، پنجاب میں نیب کوئی انکوائری نہیں کر رہا ، سانحہ ماڈل ٹائون سے متعلق ہائیکورٹ کے فیصلے پرآج اپیل دائر کریں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ سب کے علم میں ہے کہ بیگم کلثوم نواز بیمار ہیں اور لندن میں زیر علاج ہیں ۔یہ فطری تقاضہ ہے کہ نواز شریف اپنی اہلیہ کیساتھ رہیں۔نواز شریف ہر قیمت پر واپس آئیں گے اور آئندہ عام انتخابات میں (ن) لیگ کی قیادت بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف دو دن میں لندن سے واپس آجائیں گے تاہم ان دنوں شہباز شریف کا لندن آنا جانا رہے گا۔

انہوںنے کہا کہ اسحاق ڈار صاحب نے اور میاں صاحب نے اپنا فیصلہ کرنا ہے اور اسحاق ڈار نے جو بھی فیصلہ کرنا ہے وہ خود اس بارے بتا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے پارٹی کیلئے نیک نامی کمائی ہے۔ رانا ثنااللہ نے نیب کے حوالے سے کہا کہ نیب پنجاب میں کوئی انکوائری نہیں کررہی، نیب کی کارروائیوں کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے،نیب کی کارروائیاں فراڈ ہیں، نیب کس چیزکی انکوائری کرے گی ہمارے کیسز میں صرف شفافیت ہی نکلے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کے سانحہ ماڈل ٹائون سے متعلق اپیل آج دائرکی جائے گی ۔