ملک میں بجلی بحران کے خاتمے اور مستقبل میں بجلی ضروریات پوری کرنے کے لئے درجنوں پیداواری منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے،

لوڈشیڈنگ فری پاکستان کا اعلان جلد کیاجائیگا ، پانی سے بجلی کی پیداوار کے لئے چھوٹے اور بڑے ڈیمزپر کام شروع ہے ،وزیر مملکت برائے آبی وسائل جاوید علی شاہ کی گفتگو

جمعہ 22 ستمبر 2017 20:46

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل جاوید علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی بحران کے خاتمے اور مستقبل میں بجلی ضروریات پوری کرنے کے لئے درجنوں پیداواری منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ پانی، ہوا، سورج کی روشنی، ایل این جی اور مختلف ذرائع سے بجلی کی پیداوار کے کئی منصوبے مکمل ہوگئے ہیں جبکہ کئی منصوبے دسمبر 2017ء اور مارچ2018ء تک مکمل ہوجائیں گے۔

یہ بات انہوں نے میپکو ہیڈ کوارٹر میں چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ فری پاکستان کا اعلان جلد کیاجائیگا۔ پانی سے بجلی کی پیداوار کے لئے چھوٹے اور بڑے ڈیمزپر کام شروع ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری نے کہا کہ حکومتی اعلان کے بعد جنوبی پنجاب کے 13اضلاع کی عوام کو بہتروولٹیج کے ساتھ بلاتعطل بجلی فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

میپکو ریجن میں نئے گرڈاسٹیشنز کے قیام، پرانے گرڈاسٹیشنز کی اپ گریڈیشن، نئے ہائی ٹینشن فیڈرز کی تعمیر و تنصیب، بیلنسنگ ، بائفرکیشن کے سینکڑوں منصوبے مکمل ہوگئے ہیں جس سے ٹرپنگ، کم وولٹیج کی شکایات کا تقریباًً خاتمہ ہوگیاہے اور جن منصوبوں پر کام جاری ہے وہ اکتوبر کے اختتام تک مکمل کرلئے جائیں گے۔وزیر مملکت نے شجاع آباد اور گردونواح میں بجلی کی ترقیاتی سکیموں ، ہائی ٹینشن فیڈرز ،لوٹینشن پروپوزلز اور علاقہ میں صارفین کے مسائل بارے آگاہ کیا جس پر چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکونے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر چیف انجینئر ڈویلپمنٹ شاہد حمید چوہان، سپریٹنڈنگ انجینئر میپکو ملتان سرکل محمد اکرم بھٹی، پراجیکٹ ڈائریکٹر کنسٹرکشن غیاث محمود، منیجر پروکیورمنٹ ڈسٹری بیوشن صدیق اللہ خان، ڈپٹی منیجر پروکیورمنٹ میاں قیصر عباس، ایکسین کنسٹرکشن میپکوممتاز سولنگی ،ایکسین شجاع آباد ڈویڑن رانا محمد تنویراورایکسین کنسٹرکشن ملتان سیف اللہ کلیم بھی موجود تھے۔