سینیٹر عتیق شیخ کی مسلم لیگ کے حق میں ووٹ دینے کی وجوہات سامنے آ گئیں، پارٹی احکامات کو نظر انداز کر کے ووٹ خواجہ سعد رفیق کے کہنے پر دیا، سینیٹر عتیق مسلم لیگ (ن) میں آنے کے خواہاں ہیں، ماضی میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کیلئے بھی وقت مانگ چکے ہیں

ہفتہ 23 ستمبر 2017 17:38

سینیٹر عتیق شیخ کی مسلم لیگ کے حق میں ووٹ دینے کی وجوہات سامنے آ گئیں، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 ستمبر2017ء) سینیٹ میں الیکشن اصلاحات بل میں ایم کیو ایم کے سینیٹر عتیق شیخ کیجانب سے مسلم لیگ کے حق میں ووٹ دینے کی وجوہات سامنے آ گئیں، پارٹی احکامات کو نظر انداز کر کے ووٹ خواجہ سعد رفیق کے کہنے پر دیا، سینیٹر عتیق شیخ مسلم لیگ (ن) میں آنے کے خواہاں ہیں، ماضی میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کیلئے بھی وقت مانگ چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز ایوان بالا میں الیکشن اصلاحات بل 2017میں متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر عتیق شیخ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ انہیں پارٹی کی جانب سے ہدایت کی گئی تھی کہ وہ پیپلز پارٹی کی حمایت میں ووٹ دیں گے۔ ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز مسلم لیگی رہنمائوں کی جانب سے مولانا فضل الرحمان سے بھی تمام سینیٹرز کو سینیٹ میں موجود رہنے اور حکومتی حمایت میں ووٹ دینے کی اپیل کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نماز جمعہ کے بعد جب پریزائیڈنگ افسر آفیسر ظفر علی شاہ نے اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن کو الیکشن اصلاحات بل میں ترامیم کے بارے شق 203میں ترامیم پڑھنے کیلئے کہا تو اس وقت وزیر ریلوے اچانک سینیٹر عتیق شیخ کے پاس جا پہنچے اور انہیں مسلم لیگ کے حق میں ووٹ دینے کیلئے آمادہ کیا، جس پر سینیٹر عتیق شیخ نے وزیرریلوے کو ووٹ دینے کی یقین دہانی کرا دی، جس پر وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق مطمئن نظر آئے۔ باخبر ذرائع کے مطابق سینیٹر عتیق شیخ ایم کیو ایم چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) کو جوائن کرنے کے خواہاں ہیں، ماضی میں بھی وہ سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کیلئے وقت مانگ چکے ہیں، جس پر میاں نواز شریف نے جلد ملاقات کیلئے وقت دینے کی حامی بھری تھی۔