Live Updates

عمران خان ستیا ناس اور بیڑہ غرق بریگیڈ کے کمانڈر ہیں ، ان کا کردار ملک میں ترقی کا نہیں بلکہ سازشی ہے، وہ دوسروں کی ٹانگیں کھینچنے کا کام بہت اچھا کر سکتے ہیں ،

چندہ جمع کرنے میں عمران خان کا کوئی ثانی نہیں ، میٹرو بس کو جنگلہ بس کہنے والا پشاور میں میٹرو بس کیلئے قرض لے رہا ہے ،عوام سمجھدار ہیں ،کسی بہروپئے کی باتوں میں نہیں آئیں گے ، سی پیک ملک کی ترقی کا باعث بنے گا ، بیروزگاری ختم ہوگی ،ہماری حکومت کے علاوہ کسی حکومت کو بڑے منصوبے شروع کرنے کی توفیق نہیں ہوئی وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا نارووال میں یوتھ کنونشن سے خطاب

ہفتہ 23 ستمبر 2017 19:12

عمران خان ستیا ناس اور بیڑہ غرق بریگیڈ کے کمانڈر ہیں ، ان کا کردار ملک ..
نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان ستیا ناس اور بیڑہ غرق بریگیڈ کے کمانڈر ہیں ، عمران خان کا کردار ملک میں ترقی کا نہیں بلکہ سازشی ہے وہ دوسروں کی ٹانگیں کھینچنے کا کام بہت اچھا کر سکتے ہیں ، چندہ جمع کرنے میں عمران خان کا کوئی ثانی نہیں ، میٹرو بس کو جنگلہ بس کہنے والا پشاور میں میٹرو بس کیلئے قرض لے رہا ہے ،عوام سمجھدار ہیں کسی بہروپیے کی باتوں میں نہیں آئیں گے ، سی پیک ملک کی ترقی کا باعث بنے گا ، بیروزگاری ختم ہوگی ،ہماری حکومت کے علاوہ کسی حکومت کو بڑے منصوبے شروع کرنے کی توفیق نہیں ہوئی ۔

وہ ہفتہ کو نارووال میں یوتھ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں نوجوانوں کو ورغلانے کیلئے بہت سے بہروپیے آئے ، پاکستان کی ترقی کوئی بہروپیہ اور مداری نہیں کرسکتا، 20کروڑ عوام کی تقدیر کی چابی کسی اناڑی کو نہیں دے سکتے ، عوام سمجھدار ہیں کسی بہروپیے کی باتوں میں نہیں آئیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ کس کے دور حکومت میں ملک نے ترقی کی ، جس نے آج تک بلدیاتی ادارے کا الیکشن نہیں لڑا وہ عوام کی خدمت کیسے کرسکتا ہے ، ہماری حکومت کے علاوہ کسی حکومت کو بڑے منصوبے شروع کرنے کی توفیق نہیں ہوئی ۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا دورسرا نام پاکستان مسلم لیگ (ن) ہے ، سیاسی استحکام اور ترقی کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، چار سال گزر گئے پشاور کی میٹرو بس کاغذوں میں چل رہی ہے ، شہباز شریف میٹرو بس کو جنگلہ بس کہنے والا پشاور میں میٹرو بس کے لئے قرض لے رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کردار ملک میں ترقی نہیں بلکہ سازشی ہے ، فرانس اور جرمنی کی مثال دینے والوں نے خیبرپختونخوا کا برا حال کردیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کتنے سکولوں میں کمپیوٹر لیب قائم کی ہیں ، عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں کہ نارووال ڈسٹرکٹ ہسپتال جیسا ہسپتال اور سپورٹس سٹی جیسا خیبرپختونخوا بنا کر دکھائیں ۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ چندے جمع کرنے میں عمران خان کا کوئی ثانی نہیں ہے ، عمران خان دوسروں کی ٹانگیں کھینچنے کا کام بہت اچھا کر سکتے ہیں ، خان صاحب یہ قوم آپ پر اعتبار نہیں کرتی ، دوسروں کی ٹانگیں مت کھینچیں ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک ملک کی ترقی کا باعث بنے گا ، بے روزگاری ختم ہوگی ، ہمارے ٹانگیں کھینچنے والوں کی الیکشن میں ضمانتیں ضبط ہوں گی ، نوجوانوں کو نشے اور اسلحے کی لعنت سے نکال کر کتاب اور قلم دیں گے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں تمام پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات