لاہور، خواجہ سعد رفیق کا ٹرینو ں میں جراثیم کش اور کیڑے مار سپرے کا حکم

پاکستان ریلویز کے لیے اس کے مسافر اہم ہیں اور ان کی شکایات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا،وفاقی وزیر ریلوے

ہفتہ 23 ستمبر 2017 20:50

لاہور، خواجہ سعد رفیق کا ٹرینو ں میں جراثیم کش اور کیڑے مار سپرے کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2017ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ٹرینو ں میں باقاعدگی سے مئوثرفیو میگیشن یعنی معیاری جراثیم کش اور کیڑے مار ادویات کے باقاعدہ سپرے کو یقینی بنانے کا حکم دیاہے۔ انہوں نے یہ حکم سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع سے سامنے آنے والی ان شکایات پر دیا کہ بعض پسنجر کوچز سے کاکروچ ، کھٹمل اورپسو برآمد ہورہے ہیں جو مسافروں کے آرام اور سفر میں خلل کا باعث بنتے ہیں۔

وزیر ریلویز نے اس حوالے سے چیف مکینیکل انجینئر کیرج اینڈ ویگن عدنان شافع کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز ٹرینوں کی اپ گریڈیشن کررہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ واشنگ لائنوں کی بہتری کے لیے بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ چار برسوں میںپاکستان ریلوے کے مسافروں میں دو کروڑ مسافروں کا اضافہ ہوا ہے اور عوام کی اپنے قومی ادارے سے توقعات بھی بڑھی ہیں،ایسے میں ٹرینوں کا صاف ستھرا ہونا انتہائی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز کے لیے اس کے مسافر اہم ہیں اور ان کی شکایات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ خواجہ سعد رفیق نے یہ ہدایات جاری کیں کہ جن کوچز میں پندرہ روز کے بعد جراثیم کش ادویات کا سپرے کیاجاتاتھا ان کے سپرے کی درمیانی مدت کم کردی جائے۔ کیڑے مار ادویات کے معیار کو چیک کیا جائے اور اس حوالے سے ضرورت پڑنے پر ریلوے حکام متعلقہ ماہرین کی خدمات بھی حاصل کریں، ایسا طریقہ کار بھی وضع کرنا چاہئے کہ ہرمرتبہ صفائی ستھرائی کے عمل میں کاکروچز سمیت دیگر حشرات الارض پر قابو پانے کے حوالے سے خصوصی حکمت عملی اختیار کی جائے۔

وزیر ریلویز نے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کے تمام افسران مسافروں کی شکایات کے ازالے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسرپاکستان ریلویز محمدجاوید انور ،مشیر ریلویز انجم پرویز ، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید ، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید رازی ، سی ایم ای کیرج اینڈ ویگن عدنان شافع سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔