سابق حکمران عوام کے مجرم ہیں جنہوںنے ہمیشہ اپنے ذاتی مفاد کو قومی فلاح پر ترجیح دی،پرویزخٹک

صوبے کے سابق حکمرانوں نے قومی وسائل لوٹ کر اپنے لئے عالیشان محلات کھڑے کئے ، لینڈکروزرمیں گھومتے ہیںمگر کبھی یہ فکر نہیں کی غریب کو جینے کی بنیادی سہولیات بھی میسر ہیں کہ نہیں،وزیراعلی خیبرپختونخوا

ہفتہ 23 ستمبر 2017 21:53

سابق حکمران عوام کے مجرم ہیں جنہوںنے ہمیشہ اپنے ذاتی مفاد کو قومی فلاح ..
شاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اپنے منشور کے تحت عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنے اور اُنکے مسائل کے ازالے کیلئے سرمایہ خرچ کر رہی ہے۔ سابق حکمران عوام کے مجرم ہیں جنہوںنے ہمیشہ اپنے ذاتی مفاد کو قومی فلاح پر ترجیح دی۔صوبے کے سابق حکمرانوں نے قومی وسائل لوٹ کر اپنے لئے عالیشان محلات کھڑے کئے ہیں اور لینڈکروزرمیں گھومتے ہیںمگر کبھی یہ فکر تک نہیں کی کہ غریب کو جینے کی بنیادی سہولیات بھی میسر ہیں کہ نہیں۔

تحریک انصاف نے اس مجرمانہ سیاست کا خاتمہ کرکے عوام کی خدمت پر مبنی سیاست اور حکمرانی کا شفاف نظام متعارف کرایا ہے۔ہم کرپشن ، لوٹ مار اور رشوت کے خلاف کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم حرام خور نہیں ہیں۔ 35 سالہ سیاست میں کبھی میرے گھر حرام کا پیسہ نہیں آیا۔ہمارے نزدیک حرام کھا کر جینے سے موت بہتر ہے۔تحریک انصاف کی نظام کی شفافیت کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات سے مخالفین خوفزدہ ہیںکیونکہ اُنہیں اپنا مستقبل تاریک نظر آرہا ہے۔

صوبائی حکومت کی گزشتہ چار سالہ کارکردگی اور غریب دوست پالیسیوں کی بدولت صوبے کے کونے کونے سے منتخب نمائندوں اور عوام وخواص کا تحریک انصاف میں شمولیت کا رجحان روز بروز بڑھتا جار ہا ہے اور سب لوگ اپنی سوچ کے تحت تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔ہم اُصولی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ زبردستی کی سیاست نہیں کرتے ۔اس صوبے کی تاریخ ہے کہ کوئی پارٹی دوبارہ حکومت بنانے میں کامیاب نہیں ہوئی ۔

2018 میں دوبارہ برسراقتدار آکر صوبے کی تاریخ بدل دیں گے ۔ہم نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پاکستان کی تقدیر بدلنا چاہتے ہیںجس کے لئے عمران خان جیسے ایماندار قائد کی ضرورت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالنے کا جذبہ اور صلاحیت رکھتا ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اضاخیل پایان ضلع نوشہر ہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ضلع ناظم لیاقت خٹک ، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، تحصیل ناظم رضا الله خان، پی ٹی آئی کے مقامی صدر مسلم خان نے بھی خطاب کیاجبکہ احد خٹک، اسحاق خٹک اور مقامی نمائندوں کے علاوہ معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔پرویز خٹک نے اس موقع پر ڈینگی کے حوالے سے بھی خصوصی بات کی اور کہاکہ ہر کسی کو سمجھنا چاہیئے کہ ڈینگی وائرس اچانک آتا ہے ۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا ہر سال اس کے ٹیسٹ لیتا ہے مگر اس بار ڈینگی وائرس سے متعلق کچھ نظر نہیں آیا تھا ۔ڈینگی وائرس کے خلاف سب سے اہم چیز احتیاط ہے ۔ عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور جہاں کہیں کھڑا پانی موجود ہو اُسے ختم کریں ۔ ہماری ٹیمیں گھر گھر جارہی ہیں ۔ ایک لاکھ سے زائد گھروں میں سپرے ہو چکا ہے اور ڈینگی سے بچائو کیلئے لوشن وغیرہ لوگوں کو دے رہے ہیں ۔

اس لوشن کا شام کے وقت استعمال کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے انکشاف کیا کہ آئندہ نومبر سے مارچ تک پانچ مہینے بھر پور مہم چلائی جائے گی ۔ہماری ٹیمیں گھر گھر جاکر صفائی کریں گی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ سوات میں بھی ڈینگی اچانک شروع ہوا تھا اور ایک سال محنت کی اور اُس کا خاتمہ کیا انشاء الله یہاں بھی ڈینگی ختم ہو جائے گا۔صوبائی حکومت کی چار سالہ کارکردگی اور اُس کے نتیجے میں عوامی مقبولیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت نے چار سالوں میں غریب کی بھلائی کیلئے اخلاص کے ساتھ خدمت کی ہے جس کے نتائج دیکھے جا سکتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ اس صوبے میں تحریک انصاف سے کسی کا مقابلہ بنتا ہی نہیں ۔ صوبہ بھر سے لوگ اپنی سوچ کے تحت تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیںجو اس کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت کا غماز ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ نوجوانوں نے اپنی سوچ سے فیصلہ شروع کیا ہے جو سیاسی شعور اور اُس کے نتیجے میں خوشحال مستقبل کی نوید ہے۔وہ لوگ خصوصاً نوجوان مبارکباد کے مستحق ہیں جو بادشاہانہ سوچ رکھنے والے دوغلے سیاستدانوں کومسترد کرکے اپنی سوچ کے تحت فیصلہ کرنے کا شعور اور جرات رکھتے ہیں۔

یہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں۔ تحریک انصاف کی بنیاداور اس کی کامیابی میں باشعور نوجوانوں کا بنیادی کردار ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت نے اپنے منشور اور نوجوانوں کی توقعات کے مطابق عوامی فلاح کیلئے نظر آنے والے اقدامات کئے ہیں ۔تعلیم، صحت ، پولیس سمیت تمام صوبائی محکموں کو سیاسی غلامی سے آزاد کرکے ڈیلیور کرنے کے قابل بنایا ہے۔

ہماری کاوشوں کا مرکز ومحور غریب عوام ہیں جن کو مفاد پرست حکمرانوں نے ماضی میں بری طرح نظر انداز کیا۔ یہ واحد حکومت ہے جس نے صوبے کے نادار خاندانوں کو علاج کی مفت سہولت مہیا کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اُٹھائے ۔صحت انصاف کارڈ کے تحت پچھلے سال صوبے کے لاکھوں مستحق خاندانوں کو سالانہ پانچ لاکھ تک مفت علاج کی سہولت دی گئی ۔رواں سال مزید 10 لاکھ کارڈ تقسیم کر رہے ہیں۔

اس طرح صوبائی حکومت کے غریب دوست اقدام سے مستفید ہونے والے مستحق خاندانوں کی تعداد24 لاکھ ہوجائے گی۔وزیراعلیٰ نے شعبہ پولیس میں اصلاحات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ماضی کی پولیس اور موجودہ پولیس میں بہت فرق ہے۔ماضی میں پولیس سیاسی لوگوں کی غلامی کرتی تھی مگر اب بااختیار ہے۔پہلے تھانوں میں غریب کو ذلت اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑتا تھا مگر اب عزت دی جاتی ہے۔

پہلے ہر روز پولیس کے خلاف سینکڑوں شکایات موصول ہوتی تھیں مگر اب یہ سلسلہ نہیں ہے کیونکہ اب پولیس عوام کی خدمتگار ہے۔صوبے میں کرپشن اور رشوت کے خلاف قانون سازی کی گئی ہے۔وصل بلور قانون کے تحت لوٹی گئی رقم کی واگزاری کے بعد اُس کا تیسرا حصہ مخبری کرنے والے کو دیا جارہا ہے۔اس قانون کی وجہ سے عوام میں رشوت کے خلاف اُٹھ کھڑا ہونے کا جذبہ پیدا ہوگا۔

عوام ہمت کرکے دیکھیں۔ ہماری کتاب میں نااہلی ، فرض سے کوتاہی اور حرام خوری کی گنجائش نہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کو خدمات کی شفاف اور آسان فراہمی کیلئے خدمات تک رسائی کا قانون بنایا گیا ہے۔ڈومیسائل ، لائسنس ، انتقال اور دیگر مطلوبہ خدمات کیلئے صرف درخواست دینے کی ضرورت ہے۔متعلقہ ذمہ دار 15 دنوں کے اندر مطلوبہ خدمت یقینی بنانے کا پابند ہے بصورت دیگر اُسے اپنی جیب سے جرمانہ دینا پڑے گا۔

وزیراعلیٰ نے عوام سے کہاکہ وہ قومی جذبے کے تحت اپنا کردار ادا کریں اور عوامی فلاح کے ان قوانین پر عمل درآمد کے سلسلے میں حکومت سے تعاون کریں۔صوبائی حکومت نے صوبے میں ایک شفاف اور جوابدہ نظام کی ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے۔اپنی چار سالہ کارکردگی کی وجہ سے 2018 کے عام انتخابات میں نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک میں حکومت بنائیں گے ۔ڈاکوئوں کی سیاست کا باب مکمل طو رپر بند ہونے والاہے ۔

متعلقہ عنوان :