ایس ایس پی آپریشنز کی اسلام آباد کے چرچز کے پادری حضرات اور منتظمین سے ملاقات‘ مسیحی برادری اور ان کی عبادت گاہوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی

ہفتہ 23 ستمبر 2017 22:07

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2017ء) ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد ساجد کیانی نے اسلام آباد کے چرچز کے پادری حضرات اور منتظمین سے ملاقات کی اور یقین دلایا کہ اسلام آباد پولیس مسیحی برادری اور ان کی عبادتگاہوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرے گی۔پولیس ترجمان کے مطا بق ایس ایس پی آپریشنزاسلام آباد ساجد کیانی نے سینٹ تھامس چرچ جی سیون میں سینٹ تھامس اور خاتون فاتمہ چر چ ایف ایٹ کے پادری اور منتظمین کمیٹی کے ممبران سے ملاقات کی ۔

اس موقع پر ایس پی سٹی شیخ زبیر احمد،ایس ڈی پی او ،ایس ایچ او کے علاوہ مسیحی برادری کی طرف سے ریورنڈایمانول لورین، ریورنڈ خرم شہزاد ،ایف ایٹ چرچ کے فادر آصف،منظور مسیح،کرسٹو فر سمتھ،لال جانباز،شمس گل،بشیر مارشل،شہباز صادق،تسنیم اختر،ڈاکٹر الیاس کے علاوہ دیگر ممبران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی اسلام آباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس مسیحی برادری کی سکیورٹی کے لئے تمام تر اقدامات عمل میں لارہی ہے اور آئندہ بھی ان کی عبادتگاہوں میں ہونے والے پروگرامز کے لئے مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اس ملاقات کا مقصد مسیحی برادری کو یہ احساس دلانا ہے کہ اسلام آباد پولیس ان کی سکیورٹی کے لئے ہر وقت موجود ہے اور ہم اس کے لئے اپنے آپ کو جواب دہ سمجھتے ہیں ۔اسلام آباد پولیس اسلام آباد میں تمام چھوٹے بڑے چرچز کو مکمل سکیورٹی فراہم کررہی ہے ۔ایس ایس پی اسلام آباد نے کہا کہ چرچز کی سکیورٹی پر تعینات پرائیویٹ سکیورٹی کو دہشت گردی سے نمٹنے اور مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھنے جیسی ٹریننگ کروائی جائے تاکہ وہ ان عبادتگاہوں کے ارد گرد مشکوک سرگرمیوں اور افراد کو پہچان سکیں ۔

انہوں نے ممبران سے کہا کہ وہ اپنے پروگرامز میں بچوں اور ان کے والدین کو منشیات کے استعمال اور اس کی روک تھام کے لئے لیکچرز بھی دیا کریں تاکہ وہ منشیات کے نقصان سے بچ سکیں ۔آخر میں ایس ایس پی نے کہاکہ مسیحی برادری پہلے بھی اسلام آباد پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی اسی طرح کے تعاون کی امید رکھتے ہیں ۔ملاقات میں مسیحی برادری نے ایس ایس پی اسلام آباد کامسیحی برادری کے مسائل سننے اور ان کے ساتھ مکمل تعاون کی یقینی دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ بھی ہر سطح پر اسلام آباد پولیس کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :