لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام کاروباری اداروں کیلئے تقریب کا اہتمام

پاکستان اور برطانیہ کے د رمیان کاروباری اور تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے ایف پی سی سی آئی اور پاکستان برطانیہ بزنس کونسل کے مابین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

ہفتہ 23 ستمبر 2017 22:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2017ء) لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام کاروباری اداروں کیلئے تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں پاکستان اور برطانیہ کے د رمیان کاروباری اور تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے پاکستان فیڈریشن آف ایوان ہائے صنعت و تجارت(ایف پی سی سی آئی)اور پاکستان برطانیہ بزنس کونسل کے مابین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔

لندن سے یہاں موصولہ پیغام کے مطابق تقریب میں پاکستانی اور برطانیہ کی صف اول کی کاروباری کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران اور ڈائریکٹرز کے علاوہ ایف پی سی سی آئی اور پی بی بی سی کے نمائندگان، میئر آف لندن آفس،لندن سٹاک ایکسچینج ،سٹینڈرڈ چارٹر،مارکس اینڈ سپینسر،ڈیبن ہیمز،برطانوی محکمہ برائے بین الاقوامی تجارت،یو بی ایل اور ایچ بی ایل کے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

برطانیہ کے پاکستان کیلئے نئے مقرر ہونے والے نمائندے رحمان چشتی،اراکین پارلیمنٹ بھی تقریب میں خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ایف پی سی سی آئی کا ایک اعلیٰ سطحی وفد نائب صدر مرزا اسحاق بیگ کی سربراہی میں برطانیہ کے مختلف مشیروں کے دورہ پر ہے اور مقامی کاروباری اداروں کے سربراہان نمائندگان سے ملاقاتیں کررہا ہے۔پاکستانی ہائی کمیشن کے کمرشل شعبہ نے دورہ پر آئے وفد نے کاروباری ملاقاتوں کا اہتمام کرا یا ہے۔

وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان بڑے پیمانے پر کاروباری مواقعوں کی پیشکش کررہا ہے اور اس طرح کے کاروباری نیٹ ورکس کے مابین ملاقاتوں کے ذریعے کاروبار اور کاروباری رابطوں کا فروغ ملک کے تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے اہمیت کے حامل ہیں۔تقریب میں اپنے خیر مقدمی کلمات میں برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے کہا کہ برطانوی کمپنیوں کیلئے پاکستان ایک موزوں ترین ملک ہے اور کہا کہ یہ دلچسپی پاکستان کیلئے برطانوی قیادت کے اعلیٰ سطحی دوروں کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تناظر میں برطانوی کاروباری برادری کیلئے بریکسٹ کے بعد پاکستان میں شاندار معاشی مواقع ہیں۔ پاکستان ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے اور پاکستانی معیشت کی بڑھوتی کی جانب خود مختار مالیاتی اداروں کی معاشی بہتری کے اشارے اس کا واضح ثبوت اور ملکی معیشت کی ترقی کیلئے خوش آئند ہیں۔

انہوں نے ایف پی سی سی آئی اور پی بی بی سی کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کا خیر مقدم کیا اور توقع ظاہر کی کہ اس اقدام سے دونوں اداروں کے مابین تعاون اور تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی۔ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر مرزا اشفاق ملک نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔انہوں نے دونوں ممالک کے مابین کاروباری تعلقات میں اضافہ میں ایف پی سی سی آئی کی خدمات کی پیشکش کی۔

رکن پارلیمنٹ رحمان چشتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ برطانیہ کے پاکستان کے ساتھ منفرد تعلقات ہیں،ہمارے تعلقات کے فروغ میں کاروباری اورتجارتی تعلقات بہت اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے پاکستان کو اہم تجارتی شراکت دار قرار دیا اور کہا کہ سی پیک کے منصوبوں پر عملدرآمد کے ذریعے دونوں ممالک کی کاروباری برادری ایک دوسرے کے مزید قریب ہوگی ۔پاکستان برٹش کونسل کے چیئرمین جولیان ہمیلٹن ہرفاس نے کہا کہ پاکستان میں کاروباری مواقع موجود ہیں اور ایسی مفاہمتی یادداشتوں کے ذریعے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے مابین تعاون کو فروغ ملے گا۔

پاکستان برطانیہ بزنس کونسل کے چیئرمین عمران خلیلی نے بھی پاکستان میں منافع بخش کاروباری مواقعوں پر روشنی ڈالی۔ معیشت کے متعدد اہم شعبوں بشمول ٹیکسٹائل،توانائی،کیمیکل ،مالیاتی خدمات،رئیل سٹیٹ ،سیاحت اورآلات جراحی کے شعبوں کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :