نیویارک: تارکین وطن کشمیریوں کا اقوام متحدہ کی عمارت کے باہر زبردست بھارت مخالف مظاہرہ

بھارت عالمی امن کو تباہ کر رہا ہے۔ نت نئے مظالم سے کشمیریوں کے حوصلے ہرگز پست نہیں کیے جاسکتے۔سید علی گیلانی، یاسین ملک کے پیغامات

اتوار 24 ستمبر 2017 13:00

نیو یارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2017ء) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھارتی مندوب کی تقریر کے دوان سینکڑوں تارکین وطن کشمیریو ں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی عمارت کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مظاہرین نے’’بھارت اقوام متحدہ کی قراردادو ں پر عمل کرے‘‘ ، ’’آزادی سب کیلئے ،آزادی کشمیریو ں کیلئے‘‘، ’’بھارتی فوج کشمیر سے نکل جائے‘‘اور’کشمیر تنازعہ کے حل کا وقت آ گیا‘‘ کے زبردست نعرے لگائے ۔

مظاہرین نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کے لیے آگے آئے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کا پیغام بھی اس موقع پر سنایا گیاجس میں انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز زیر حراست قتل، جبری گمشدگی اور خواتین کی آبرو ریزی کو مقبوضہ کشمیر میں ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی نہیں دے رہا ۔

سید علی گیلانی نے کہا بھارت عالمی امن کو تباہ کر رہا ہے جسکی اسے ہرگز اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کا نوٹس لے ورنہ عالمی ادارہ اپنے فرائض میں کوتاہی کا مرتکب ہو گا۔جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت بلا لحاظ جنس و عمر کشمیریوںکو جیلوں اور تفتیشی مراکز میں نظر بند کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو روز قتل کیا جارہا ، ان کی تذلیل کی جاتی ہے ، انہیں گرفتار کیا جاتا ہے اور انکی املاک تباہ کی جار ہی ہیں۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ یہ سب کشمیریوں کی آزادی کو آواز کو دبانے کے لیے کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ ستر بر س سے بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف جد وجہد کر رہے ہیںاور انکے حوصلوں کو نت نئے مظالم سے ہرگز کمزور نہیں کیا جاسکتا۔

ورلڈکشمیرایوائیر نس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکر غلام نبی فائی نے مظاہرین سے خطاب میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سواج کی طرف سے شملہ معاہد ہ کے حوالے پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ سشما سوراج کو معلوم ہونا چاہیے کہ شملہ معاہدے کی وجہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کی دفعہ103کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے کوئی بھی دو رکن ملکوں کے درمیان تنازعے کی صورت میں ان ملکوں کے درمیان ہونے والے عالمی معاہدے کی اس چارٹر کے تحت پاسداری ضروری ہو گی۔

مظاہرین سے آزادجموںوکشمیر کے سابق صدر بیرسٹر سلطان محمود ، کشمیری نمائندے اشتیاق حمید ، ڈاکٹر اے آر میر ،سلیم قادری، سردار تاج خان ، سلیم بٹ ڈاکٹر آصف لقمان، سردار طاہر اقبال، راجہ لیاقت کیانی، نورین طلعت، آمنہ تاج خان ، سردار ذولفقار روشن خان، سردار زبیر خان، صاحبزادہ امتیاز ظفر، سردار سرور خان اور دیگر لوگوں نے بھی خطاب کیا۔