پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا کرکٹ ٹیسٹ جمعرات کو ابوظہبی میں شروع ہوگا،قومی ٹیم دبئی پہنچ گئی

ٹیم سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے گی

اتوار 24 ستمبر 2017 14:10

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 ستمبر2017ء) قومی کرکٹ ٹیم سری لنکا سے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کھیلنے کے لئے متحدہ عرب امارات پہنچ گئی، ٹیم سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے گی۔ اتوار کو قومی کرکٹ ٹیم نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے لاہور ائیر پورٹ پہنچی جہاں سے وہ غیر ملکی پرواز کے ذریعے دبئی پہنچی جب کہ ٹیم کے اسکواڈ میں 16 کھلاڑی اور 9 آفیشلز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم اظہر علی، سمیع اسلم، شان مسعود، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین، یاسر شاہ، محمد اصغر، امیر حمزہ، حسن علی، محمد عباس، بلال آصف اور وہاب ریاض پر مشتمل ہے ۔قومی کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے گی۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 28 ستمبر اور دوسرا 6 اکتوبر سے شروع ہوگا جب کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ون ڈے میچز 13، 16، 18، 20 اور 23 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔تین ٹی ٹوئنٹی میچز 26، 27 اور 29 اکتوبر کو ہوں گے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ تیسرا اور آخری میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔