واپڈا کو وعدوں اور معاہدوں سے راہ فرار اختیار نہیں کرنے دینگے ‘حکومت آزاد کشمیر دیوار نہ بنے ،متاثرین منگلا ڈیم کے ذیلی کنبوں کی باعزت باوقار بحالی آباد کاری اور نیوسٹی کے اندر سوئی گیس کی فی الفور فراہمی آزادکشمیر حکومت کی ذمہ داری ہے

مہاجرین متاثرین رہنمائوں راجہ محمد اعظم خان ‘راجہ عبدالقیوم و دیگر کا اجلاس سے خطاب

اتوار 24 ستمبر 2017 15:31

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 ستمبر2017ء) واپڈا کو کسی صورت وعدوں اور معاہدوں سے راہ فرار اختیار نہیں کرنے دینگے حکومت آزاد کشمیر دیوار نہ بنے ،متاثرین منگلا ڈیم کے ذیلی کنبوں کی باعزت باوقار بحالی آباد کاری اور نیوسٹی کے اندر سوئی گیس کی فی الفور فراہمی آزادکشمیر حکومت کی ذمہ داری ہے متاثرین نیوسٹی کے لیے دی گئی سہولتوں کو ختم کرنے کی سوچ متاثرین کے ساتھ ظلم و زیادتی ہے متاثرین منگلا ڈیم نیوسٹی کی بچیوں کے لیے دی گئی بسوں کی سہولت فی الفور بحال کی جائے منگلا ڈیم ہائوسنگ اتھارٹی کے دفاتر کی منتقلی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار متاثرین منگلا ڈیم کے زیر اہتمام متاثرین کے ذیلی کنبوں کی بحالی آباد کاری اور دیگر مسائل پر متاثرین رہنما پی ٹی آئی خواجہ شہزاد لون کی رہائش گاہ پر منعقد ہ احتجاجی کارنر میٹنگ سے مہاجرین متاثرین رہنمائوں منگلا ڈیم توسیعی رابطہ کمیٹی کے چیئرمین و مرکزی ممبر مجلس عاملہ پاکستان مسلم لیگ ن راجہ محمد اعظم خان ،سابق کونسلرراجہ عبدالقیوم ، ممبر مجلس عاملہ و سیکرٹری جنرل رابطہ کمیٹی سردار رشید جمال ،سیکرٹری جنرل ایکشن کمیٹی و رہنما پی ٹی آئی چوہدری محمد فاروق ،پی ٹی آئی رہنما خواجہ شہزاد لون ،نوجوان متاثرین رہنما عاصم بٹ ،بزرگ رہنما متاثرین منگلا و مرکزی رہنما مسلم کانفرنس حاجی چوہدری لعل دین ،مسلم لیگی رہنما حاجی علی محمد جرال ،شکور زرگر ،مرزا ساجد ،مرزا خالد محمود اور عثمان بیگ نے کیا۔

(جاری ہے)

کارنر میٹنگ میں متاثرین منگلا ڈیم کے بزرگ رہنما سید نور الحسن شاہ ،توسیعی رابطہ کمیٹی کے وائس چیئرمین راجہ عابد الرحمن ،صدر نیوسٹی تحریک انصاف محمد شفیق بیگ ،مرزا ظفر اقبال ،راجہ اظہر شریف ،راجہ مجتبیٰ اور کثیر تعداد میں ذیلی کنبہ جات کے نوجوانوں اور متاثرین منگلا ڈیم نے شرکت کی ۔اس موقع پر متاثرین رہنمائوں نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ واپڈا کی بے ایمانی اور بد یانتی کی کوئی حد نہیں واپڈا کی زیادتی اور ظلم پورے ملک میں زد زبان عام ہے اور سفید ہاتھی کے نام سے مشہور ہے لیکن متاثرین منگلا ڈیم اور واپڈا کے درمیان حکومت آزادکشمیر دیوار ہے جس کی وجہ سے واپڈا متاثرین کو ذلیل و خوار کر رہا ہے ان رہنمائوں نے کہا کہ مہاجرین جموں کشمیر نے 1967میں پاکستان کی بہت بڑی آمریت کے خلاف اپنی پر امن اور مہذب سیاسی جدوجہد کے ذریعے مسائل حل کرائے متاثرین مہاجرین جموں کشمیر اپنے مسائل کو حل کرانے اور حقوق حاصل کرنے کے لیے متفق اور متحد ہیں کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ۔

ان رہنمائوں نے کہا کہ حلقہ نمبر تین میرپور سے چوہدری محمد سعید منسٹر امور منگلا ڈیم کی الیکشن مہم کا محور و مرکز نعرہ متاثرین منگلا ڈیم کے ذیلی کنبوں کی بحالی آباد کاری اور متاثرین کو سوئی گیس کی فراہمی تھا اب ہمارے ان بڑے مسائل کو حل کرانے میں منسٹر امور منگلا ڈیم کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔متاثرین رہنمائوں نے کہا کہ منگلا ڈیم ہائوسنگ اتھارٹی کے دفاتر کی منتقلی اور متاثرین کی سہولت کے لیے بنائی گئی دیگر بلڈنگز کو پرائیویٹ اداروں کو دینے کی کسی کوشش کو کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔

اگر کوئی ایسی تجویز زیر غور ہے تو وزیر امور منگلا ڈیم سے نظرثانی کی اپیل کرتے ہیں متاثرین نے جس محبت اور لگن سے چوہدری سعید کو ووٹ دیئے ہیں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی متاثرین نیوسٹی کی اکثریتی لیڈ نے ایک بڑی کامیابی سے بڑے امیدوار کو شکست سے دوچار کر کے اپنے مسائل کے حل کے لیے متوقع حکومتی امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا ۔

ان رہنمائوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر اور متعلقہ محکمہ جات کے ذمہ دار ان خدا راہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کر کے متاثرین منگلا ڈیم کے در بدر بے گھر ذیلی کنبہ جات کی بحالی آباد کاری پر اپنا فرض ادا کریں اور متاثرین منگلا ڈیم میں پائی جانے والی موجودہ پریشانیوں اور کشیدگی کو ختم کرنے میں مثبت تعمیری سوچ اور عملی اقدامات اٹھائیں ۔

تقریب میں چند قرار دادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں آج کا یہ نمائندہ اجتماع حکومت آزادکشمیر سے متاثرین منگلا ڈیم کے ذیلی کنبوں کی بحالی آباد کاری اور نیوسٹی میں سوئی گیس کی فوری فراہمی کا مطالبہ کرتا ہے ۔یہ اجتماع کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر کے اندر کشمیری مسلمانوں کے قتل عام کو بند کرانے کے لیے او آئی سی اور اقوام عالم سے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتا ہے ۔یہ اجتماع مسلح افواج پاکستان اور سپہ سالار مسلح افواج پاکستان کی جانب سے پاکستان کی حفاظت اور رد الفساد آپریشن کی کامیابیوں پر مسلح افواج کے شہیدوں کو خراج عقیدت اور مسلح افواج کے سپہ سالار کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتا سہے ۔

متعلقہ عنوان :