کوہاٹ پولیس کی کاروائیاں، رہزن اور منشیات فروش گرفتار ، لوٹا ہوا مال اور لاکھوں مالیت کی منشیات برآمد

اتوار 24 ستمبر 2017 20:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2017ء) کوہاٹ پولیس نے مختلف کاروائیوں میں رہزن اور منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے لوٹا ہوا مال اور لاکھوں مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ جنگل خیل قسمت خان کو عوامی شکایات موصول ہورہی تھیں کہ نماز فجر کے وقت علاقے میں ایک سرگرم رہزن اسلحہ کی نوک پروارداتیںبرپا کرکے لوگوں کو لوٹنے میں مصروف ہے ۔

اس شکایت پر مئوثر کاروائی کرتے ہوئے انہوں نے پولیس کی ایک سراغ رساں ٹیم تشکیل دی جس نے رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ملزم کا کھوج لگا لیا اور پولیس کی اس ٹیم نے ایس ایچ اوقسمت خان کی سربراہی میں کامیاب کاروائی کرتے ہوئے ملزم عمیر ولد غلام دائود ساکن جنگل خیل کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا اور اسکے قبضے سے لوٹی ہوئی نقدی اور موبائل فون سیٹس برآمد کرلئے۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے بقول مبینہ رہزن سے نابینا حافظ القرآن کی لوٹی ہوئی ایک موبائل بھی قبضے میں لیکر مالک کے حوالے کردی گئی ہے۔اسی طرح منشیات کے اڈے کے خلاف موصولہ شکایت پر ایس ایچ او جنگل خیل نے پولیس نفری کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے موضع چکڑ میلہ میں ایک رہائشی گھر پر اچانک چھاپہ مار جہاں منشیات فروشی کا اڈہ چلانے والے مشہور منشیات فروش حیات خان عرف پوتے کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر 3750گرام چرس برآمد کرکے قبضے میں لے لی۔

پولیس تھانہ جنگل خیل میں زیر حراست دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے عدالت کے حکم پرجیل بھیج دیا گیا ہے۔دریں اثناء ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید اسلام الدین نے عوامی شکایت پر بھر پور کاروائی کرتے ہوئے پولیس نفری کے ہمراہ تور چھپری بانڈہ میں رہائشی مکان سے پیوست بیٹھک پر اچانک چھاپہ مارا جہاں منشیات فروشی میں مصروف ملزم شاہ افضل ولد پردل خان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر 3600گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرلی۔

پولیس نے زیر حراست منشیات فروش کو تھانہ محمد ریاض شہید منتقل کردیا جہاں اسکے خلاف منشیات سمگل کرکے فروخت کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا ۔گرفتار منشیات فروش کو بعد ازاں عدالت کے حکم پر جسمانی ریمانڈ کیلئے تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا جن سے پوچھ گچھ جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :