اعتزاز احسن نے آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی کو این اے 120میں شکست کا ذمہ دار قرار دیدیا

پی پی کے لئے 1414 ووٹ لینا انتہائی شرمناک ہے ، پانامہ لیکس کی طرح سانحہ ماڈل ٹان پر عدالتی کمیشن کی رپورٹ بھی حکمرانوں کے گلے کا طوق بنے گی ،(ن) لیگ کی قیادت جس راہ پر چل رہی ہے اس کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے، پیپلز پارٹی کی قیادت نیب کیسز میں عدالتوں کے سامنے پیش ہوئی اور سر خرو ہوئی جبکہ دوسروں کو عدالتوں کے احترام کا درس دینے والے موجودہ حکمران آج راہ فرار اختیار کئے ہوئے ہیں،نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو

اتوار 24 ستمبر 2017 23:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 ستمبر2017ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ این اے 120 میں پیپلزپارٹی کی شکست کے ذمہ دار آصف زرداری ، یوسف رضا گیلانی اور سندھ حکومت ہے ،پی پی کے لئے 1414 ووٹ لینا انتہائی شرمناک ہے ، پانامہ لیکس کی طرح سانحہ ماڈل ٹان پر عدالتی کمیشن کی رپورٹ بھی حکمرانوں کے گلے کا طوق بنے گی ،(ن) لیگ کی قیادت جس راہ پر چل رہی ہے اس کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے ۔

اتوار کو ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کاکہناتھا کہ سیاست اور حکومت میں تجربہ کاری کا ڈھنڈورا پیٹنے والے آج جن حالات سے دوچار ہیں وہ سب کے سامنے ہے ۔ ملک کے انتظامی امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں لیکن وزرا کہیں اور مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت کی طرف سے اداروں میں ٹکرا کی صورتحال پیدا کی جارہی ہے جو کسی طرح بھی ملک کے لئے سود مند نہیں ۔

پیپلز پارٹی کی قیادت نیب کیسز میں عدالتوں کے سامنے پیش ہوئی اور سر خرو ہوئی جبکہ دوسروں کو عدالتوں کے احترام کا درس دینے والے موجودہ حکمران آج راہ فرار اختیار کئے ہوئے ہیں۔اعتزازاحسن نے کہا کہ قوم نواز شریف سے سوال کرتی ہے اب اس سے زیادہ ملک کے حالات کیا خراب ہوں گی صرف اپنے ذاتی مفادات کے لئے مایوسی کی فضا پیدا کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پانامہ لیکس نے حکمرانوں کا پیچھا نہیں چھوڑا اسی طرح سانحہ ماڈل ٹان پر عدالتی کمیشن کی رپورٹ بھی ان کے گلے کا طوق بنے گی۔