مقبوضہ کشمیر ، قابض بھارتی فوج نے مزید4کشمیریوں کو عسکریت پسند قرار دے کر شہید کردیا

پیر 25 ستمبر 2017 18:32

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 ستمبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے مزید4کشمیریوں کو عسکریت پسند قرار دے کر شہید کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے چار کشمیریوں کو عسکریت پسند قرار دیتے ہوئے شہید کردیا۔ بھارتی پولیس کا دعویٰ ہے کہ کہ شہریوں نے انہیں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب مسلح عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی، جس کے بعد سیکورٹی اداروں نے سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔

پولیس نے جاری بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 3 مختلف مقامات پر 3 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا جس میں ایک مسجد بھی شامل ہے۔بیان میں الزام لگایا گیا ہے کہ تین عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے ساتھ دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے، جو بظاہر پاکستانی معلوم ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی آرمی کے ترجمان کرنل راجیش کالیہ کا کہنا تھا کہ چوتھے عسکریت پسند کو علاقے میں مستقل سرچ کے دوران ہلاک کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے میں 4 شہری اور ایک ہلکار زخمی بھی ہوا ہے۔خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے یہ الزام لگایا جاتا رہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں دراندازی کی جارہی ہے تاہم پاکستان نے ہمیشہ ان الزامات کی تردید کی ہے۔یاد رہے کہ برطانیہ کی جانب سے 1947 میں برصغیر کو چھوڑنے سے قبل پاکستان اور بھارت کے قیام کے بعد کشمیر دونوں نومولود ریاستوں کے درمیان ایک تنازع بن گیا تھا جو تاحال جاری ہے۔

دونوں ہی ممالک کشمیر پر اپنا حق جتاتے ہیں اور اس وجہ سے دونوں کے درمیان 3 جنگیں بھی ہوچکی ہیں۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فورسز کے مظالم کی وجہ سے یہاں کی مقامی آبادی ان کے خلاف کئی دہائیوں سے سیاسی جدوجہد کررہی ہے تاہم بھارت کا دعوی ہے کہ اس سیاسی جدوجہد کے علاوہ وادء میں مسلح گروہ بھی سرگرم ہیں، جو موقع پاکر فورسز پر حملے کرتے ہیں۔کشمیر میں مسلح جدوجہد کا آغاز 1989 میں ہوا تھا جس کے بعد بھارتی فورسز نے اب تک ہزاروں کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔بھارت نے اس خطے میں اپنا کنٹرول برقرار رکھنے کیلئے 5 لاکھ فوج کو تعینات کررکھا ہے جبکہ پولیس اور دیگر پیراملٹری فورسز اس کے علاوہ ہیں۔